ملتان:پی ڈی ایم کارکنوں کا دمادم مست قلندر،تالے توڑ کر اسٹیڈیم میں داخل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ملتان میں جلسے کی اجازت نہ دینے پر نکالی گئی ریلی تصادم میں تبدیل ہوگئی۔پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے کارکن تمام رکاوٹیں اور تالےتوڑتے ہوئے قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے قلعہ قاسم تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادوں علی حیدر گیلانی اور موسیٰ گیلانی نے کی۔پولیس کی بھاری نفری بھی گھنٹہ گھر چوک ملتان پر تعینات تھی ۔ٹریفک پولیس نے روڈ سے ٹریفک اور گاڑیاں ہٹانا شروع کر دیں۔اس دوران پیپلز پارٹی کے کارکن تمام رکاوٹیں اور پولیس حصار توڑ کر قلعہ کہنہ قاسم میں داخل ہو گئے ۔ اس موقع پر پولیس اور کارکنوں میں جھگڑا اور تلخ کلامی بھی ہوئی۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نئیر بخاری نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم کے چار جلسوں نے سلیکٹڈ کے اعصاب خطا کر دئیے ہیں، جیالے عمران خان کی طرح چھپ کر بیٹھنے والے نہیں۔نالائق اور نااہل لاڈلے نے عوام کو مہنگائی اور معاشی بدحالی کا شکار کر دیا ہے، سلیکٹڈ کا مزید اقتدار میں رہنا ملک کی تباہی کو دعوت دینا ہے۔میڈیا سیل پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موسیٰ گیلانی کی قیادت میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے جلسہ گاہ کا انتظام سنبھال لیا ہے، جیالے ریلی کی شکل میں قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم میں داخل ہو گئے ہیں اور اسٹیڈیم میں استقبالیہ کیمپ بھی لگا دیا ہے۔
واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے پی ڈی ایم کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا۔ پی ڈی ایم کا جلسہ روکنے کے لئے مقدمات کے اندراج کیساتھ گرفتاریاں بھی کیں اور جلسہ گاہ کے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے کیٹرنگ، پینا فلیکس تیار کرنے پر متعلقہ دکانداروں کو بھی نوٹسز جاری کئے اور تواور جلسے کو روکنے کے لئے جلسہ گاہ میں پانی بھی چھوڑا گیا۔