24نیوز: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ تمام حریت قیادت نے بلدیاتی انتخابات کے ڈرامہ کا بائیکاٹ کر رکھا ہے، کشمیری نام نہاد بھارتی الیکشن کو نہیں مانتے۔
تفصیلات کے مطابق مشعال ملک نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا ڈرامہ کر رہی ہے، تمام حریت قیادت نے انتخابات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا بھارتی حکومت نے انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کر رکھی ہے، پلوامہ میں بھارتی فورسز نے 2 نوجوانوں کو شہید کیا، کشمیری نام نہاد بھارتی الیکشن کو نہیں مانتے۔حریت رہنما کی اہلیہ نے مزید کہا کہ بھارتی فوج نے کل رات سینکڑوں نوجوان گرفتار کیے، بھارتی فوج نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔
قبل ازیں اپنے ایک ویڈیو پیغام میں مشعال ملک نے کہا تھا کہ کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالا جارہا ہے، پوری دنیا کہہ رہی ہے کہ بھارت کو بلیک لسٹ کیا جائے، دنیا کو اب جاگنا ہوگا۔انہوں نے کہا تھا کہ دنیا میں کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن جیسی صورت حال ہے، بھارت نے فائدہ اٹھا کر مظالم اور کشمیریوں کا قتل عام جاری رکھا، بھارت نے حال ہی میں نیو ڈومیسائل جیسا کالا قانون پاس کرایا۔