رواں ہفتے 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ، 10 کی قیمتوں میں کمی ہوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)قومی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.92 فیصد کمی واقع ہوئی،رواں ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح 7.48 فیصد رہی۔
تفصیلات کے مطابق: مہنگائی میں کمی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے باعث ہوئی، اور ٹماٹر ،آلو ،پیاز ،چکن سمیت 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 15 روپے 27 پیسے کمی آئی جبکہ پیاز 6 روپے 27 پیسے فی کلو اور چکن کی فی کلو قیمت میں 19 روپے 44 پیسے کمی ہوئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 4 روپے 73 پیسے، گندم کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 2 روپے، چنے کی دال ایک روپے اور دال ماش ایک روپیہ 8 پیسے سستی ہوئی۔
ذرائع کے مطابق ،مہنگائی کنٹرول نہ ہوسکی، ایک ہفتے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 29 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے۔جبکہ کیلے،انڈوں ،لہسن اور گوشت سمیت 11 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ایک ہفتے کے دوران کیلے کی فی درجن قیمت میں ایک روپیہ 15 پیسے ، انڈے کی فی درجن اوسط قیمت میں ایک روپے 82 پیسے اور لہسن کی فی کلو قیمت میں 2 روپے اضافہ ہوا۔ مٹن ،بیف، تازہ دودھ کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران چاول، گھی، چائے، نمک، مرچ سمیت 30 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
مزیدیہ کہ 23 نومبر سے 27 نومبر 2020 کے دوران مہنگائی میں 0.92 فیصد کمی واقع ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 10 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جن میں ٹماٹر، پیاز، آلو، مرغی، آٹا، چینی اور دالیں شامل ہیں۔ مذکورہ ہفتے میں 13 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 18 اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ 20 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا تھا۔