(24نیوز)چین کے سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس انڈیا سے پوری دنیا میں پھیلا۔انڈیا میں ہندی زبان میں شائع ہونے والے اہم اخبار 'نو بھارت ٹائمز' نے برطانوی اخبار دی ڈیلی میل کے حوالے سے یہ انکشاف شائع کیا ۔
خبر کے مطابق چین کی اکیڈمی آف سائنسز کے سائنس دانوں کی ایک ٹیم کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر کورونا وائرس 2019 میں گرمیوں کے موسم میں انڈیا میں پیدا ہوا تھا۔چینی سائنس دانوں کا دعویٰ ہے کہ کورونا وائرس جانوروں کے ذریعے گندے پانی سے انسانوں تک پہنچا۔ اس کے بعد یہ انڈیا سے چین کے شہر ووہان پہنچا، جہاں اس کی پہلی بار شناخت کی گئی۔چینی سائنس دانوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ انڈیا کے 'صحت کے خراب نظام اور نوجوان آبادی کی وجہ سے کورونا وائرس کئی مہینوں تک بغیر کسی تشخیص کے لوگوں کو متاثر کرتا رہا ۔
تاہم د یگر ممالک کے سائنس دانوں نے چینی سائنس دانوں کے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ برطانیہ میں گلاسگو یونیورسٹی کے ماہر ڈیوڈ رابرٹسن نے کہا ہے کہ چینی سائنس دانوں کی تحقیق ناقص ہے اور اس سے کورونا وائرس سے متعلق معلومات میں اضافہ نہیں ہوتا ۔فی الحال عالمی ادارہ صحت چین میں کورونا وائرس کا ذریعہ تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے اس کے لئے ایک تحقیقاتی ٹیم چین بھیجی ہے۔واضح رہے کورونا وائرس کے انفیکشن کا پہلا کیس گذشتہ سال دسمبر میں چین کے صوبہ ووہان میں سامنے آیا تھا۔امریکا چین پر کورونا وائرس پھیلانے کا الزام لگاتا رہا جس کی چین نے ہمیشہ تردید کی۔
کورونا انڈیا سے شروع ہوا،چینی سائنسدانوں کا دعویٰ
Nov 28, 2020 | 17:43:PM