(24 نیوز)صوابی میں ہونیوالے جرگے کے دوران فریقین نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق دو فریقین کے مابین سابقہ ایم پی اے کے حجرے میں جائیداد کے سلسلے میں جرگہ ہو رہا تھا، اس دوران فائرنگ سے چھ لوگ موقع پر ہی مارے گئے جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں افراد زخموں کی تاب نہ لاسکے اور مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہوگئی۔فائرنگ کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور کیس کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان جائیداد کا تنازع تھا۔مرنے والوں کی لاشیں ورثا کے حوالے جبکہ فائرنگ کرنیوالے ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مار رہے ہیں۔پولیس کے مطابق جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائیگا۔