(24 نیوز)ایران کے صدر حسن روحانی نے قاتلانہ حملے میں جاں بحق نامور سائنسدان محسن فخری پر حملے میں اسرائیل کو ملوث قرار دیتے ہوئے سخت جواب دینے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر نے اسرائیل کو خطے میں انتشار پھیلانے کے سازش کے بارے میں متنبہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تہران مناسب وقت پر اپنے ممتاز ایٹمی سائنسدان کے قتل کا جواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ جوہری سائنسدان کے قتل سےدشمن کی انتہائی مایوسی اورنفرت کی شدت ظاہر ہوئی، محسن فخری کے قتل سےایران کے جوہری عمل کی رفتار سست نہیں ہوگی۔
حسن روحانی نے کہا کہ انتشاری قوت ایسی کارروائیوں سے خطے کا امن تباہ کرنا چاہتی ہے ہم نے دشمن کی سازشی ذہنیت کو پڑھ لیا ہے ہم انہیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔صدر نے زور دے کر کہا کہ ایرانی قوم اور اس ملک کے عہدیدار اس مجرمانہ فعل کو بلا جواب چھوڑنے سے زیادہ بہادر اور پرجوش ہیں اور متعلقہ عہدیدار مقررہ وقت پر اس جرم کا جواب دیں گے۔
محسن فخری زادے ایران کی امام حسین یونیورسٹی میں فزکس کے پروفیسر تھے، جو ایرانی وزارت دفاع کے اہم سائنسدان تھے۔ایرانی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ فخری زادے کو اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل کررکھا تھا۔