حکومت نے کراچی سٹیل ملز چلانے میں ناکامی تسلیم کرلی

Nov 28, 2020 | 19:31:PM

(24 نیوز)حکومت نے کراچی سٹیل ملز چلانے میں ناکامی تسلیم کرلی،وفاقی وزیر اسد عمرنے کہاہے کہ سٹیل ملز چلانے کی بہت کوشش کی کامیاب نہیں ہوسکے۔
تفصیلات کے مطابق سکھر میں پی ٹی آئی یوتھ ونگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ہمیں صرف کراچی کےلئے کام نہیں کرنا بلکہ پورے سندھ میں کام کرنا چاہتے ہیں، عمران خان کسی ایک شہرکی نہیں پورے ملک کی ترقی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود شمالی سندھ کےلئے ترقیاتی پیکج دیں گے۔
وفاقی وزیر کاکہناہے کہ عمران خان ہمیشہ قانون کے بالاتر ہونے کی بات کرتے ہیں، اسد عمر کا کہنا تھا کہ اپنے اورخاندان کےلئے ایک معیار اورعوام کےلئے دوسرا معیارنہ رکھیں، نوازشریف کو دعوت دے رہے ہیں وہ واپس آئیں انہیں کس نے روکا ہے جبکہ شہبازشریف اداکاری کررہے ہیں۔
وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ فیصل آباد میں مزدوروں کی کمی ہورہی ہے، برآمدات بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ باقی پاکستان میں آٹا سستا اور سندھ میں مہنگا ہے، اچھی خبر ہے کہ چینی کی قیمت نیچے آرہی ہے۔
یاد رہے کہ حکومت میں آنے سے قبل اسد عمر نے سٹیل ملز ملازمین سے خطاب میں نجکاری نہ کرنے کا وعدہ کیا تھا اور کہا تھا اگر تحریک انصاف کی حکومت آئی تو سٹیل ملز کے مزدوروں کوان کا حق دلائیں گے، حق نہ دلاسکتا تو حکومت نہیں ملزکے مزدوروں کےساتھ کھڑے ہونگے۔

مزیدخبریں