غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے قائم سپیشل فورس عمارتوں کی سیکورٹی پر تعینات
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پولیس کی جانب سے غیرملکیوں کی حفاظت کے لئے قائم کی گئی سپیشل پروٹیکشن فورس عمارتوں کی سکیورٹی پر تعینات۔ایڈیشنل آئی جی آپریشنز نے673اہلکاروں کو13مختلف پولیس دفاتر پر تعینات کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس میں غیرملکیوں خصوصاً چائنیزکی حفاظت کے لئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ میں 10ہزار اہلکاروں کوبھرتی کیا گیا تھا۔25نومبرکو اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایس پی یو کو اب تمام اقسام کی سکیورٹی ڈیوٹی کے لئے استعمال کیا جائے۔اس فیصلے کے بعد لاہورسمیت پنجاب بھر میں 673اہلکاروں کی تعیناتیاں کی گئی ہیں۔
ایس پی یو کے زیادہ تراہلکاروں کولاہورمیں دوعمارتوں سمیت سی ٹی ڈی کے 13دفاتر پرتعینات کیا گیا ہے۔متعلقہ دفاتر کی سکیورٹی پر تعینات پنجاب کانسٹیبلری کے جوانوں کو واپس یونٹ میں رپورٹ کرنے کاحکم دیا گیا ہے۔ایس پی یو کو پہلے بھی متعددقونصلیٹس اورسی پی یو کی سکیورٹی پر تعینات کیا جاچکا ہے۔اہلکاروں کو سکیورٹی کے لئے خصوصی تربیت دی گئی تھی۔پراجیکٹس ختم ہونے کے باعث اہلکاروں کو دفاتر کی سکیورٹی پر تعینات کیا جارہا ہے۔