(24 نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ سے وہاڑی سے ن لیگ کی سابق ایم پی اے فرح منظور بلوچ رند کی ملاقات۔
تفصیلات کے مطابق سابق ایم پی اے فرح منظور بلوچ رندنے پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر پیر ہارون شاہ کھگہ، پیر سلمان شاہ کھگہ، غضنفر الیاس بندیشہ، امجد خان، چودھری تنویر سندھو، ابوبکر سندھو اور مجاہد زاہد بھی موجود تھے۔چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنا اور عوامی مسائل کا حل ہماری سیاست کا مقصد ہے، ہمارے دور میں جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کیلئے خصوصی پیکیج دئیے گئے، جنوبی پنجاب میں پارٹی کو فعال بنانے کیلئے تنظیم سازی کا عمل جاری ہے، عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے کارکنوں کو آگے لایا جائے گا۔
اس موقع پر سابق ایم پی اے فرح منظور کا کہنا تھا کہ چودھری صاحبان کی قائدانہ صلاحیتوں سے متاثر ہو کر پاکستان مسلم لیگ میں شامل ہوئے ہیں، نوازشریف کا بیانیہ فوج اور ملک کے خلاف ہے، ہم محب وطن لوگ ہیں اسی لیے ملک توڑنے والوں کو چھوڑ کر ملک کو جوڑنے والوں کے قافلے میں شامل ہوگئے ہیں۔