(24 نیوز)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے یکم دسمبر سے 15 روز کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو بھجوا دی۔
تفصیلات کے مطابق یکم دسمبر سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے جس کی وجہ نومبر کے وسط کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اضافے کا رجحان ہے۔ذرائع نے بتایا کہ یکم دسمبر سے پٹرول 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت پونے 3 روپے فی لیٹر تک بڑھ سکتی ہے۔
وفاقی حکومت پیٹرولیم لیوی میں کمی سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت برقرار بھی رکھ سکتی ہے، حکومت فی لیٹر پیٹرول اورڈیزل پر 30، 30 روپے پیٹرولیم لیوی وصول کررہی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔خیال رہے کہ 2 ہفتے قبل وفاقی حکومت نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپیہ 71 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے 79 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔