ووٹوں کی خریدو فروخت شرمناک اقدام۔۔ لیڈر صرف عمران ۔باقی سب بونے ۔فواد چودھری 

Nov 28, 2021 | 20:25:PM

 (24نیوز)وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہاہے کہ ملک میں صرف عمران خان لیڈر ہیں ،باقی سب بونے ہیں ،(ن )لیگ لوگوں کو لالچ دیکر الیکشن لڑتی ہے، ووٹ کو ہزار،2ہزار میں خریدنا ووٹ کو عزت دینا ہے؟ سیاست مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی بس کی بات نہیں، ای وی ایم سے ن لیگ اور پیپلزپارٹی گھبرا جاتی ہے، ان کا انتخابی طریقہ دھاندلی ہے،ویڈیو اور لیکس کا مقصد بلیک میلنگ ہوتا ہے، ویڈیوز پہلے آجاتی ہیں بعد میں پتہ چلتا ہے جعلی ہے، جعلی ویڈیو کے ذریعے اداروں کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔

یہ بھی پڑھیں۔شادی سے زیادہ فٹنس ضروری۔۔ دلہن جم پہنچ گئی۔۔ویڈیو وائرل
اتوار کو یہاں پنڈ دادن خان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والوں نے دو ہزار روپے میں ووٹ خریدے جو شرمناک اقدام ہے،وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف اسی نظام کے خلاف کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ای وی ایم سے سب سے زیادہ گھبراہٹ انہی لوگوں کو ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2016ءمیں بھی ن لیگ نے اسی طرح الیکشن یہاں بھی لڑا، لوگوں کو پیسے کا لالچ دے کر ووٹ خریدنے کی کوشش کی، مجھے یقین ہے کہ الیکشن کمیشن آفس ن لیگ کی وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر نوٹس جاری کرے گا۔ انہوںنے کہاکہ یہ لوگ کسی خاص مقصد کے لئے برسراقتدار آتے ہیں، ان کا انتخابی طریقہ ہی دھاندلی پر مبنی ہے۔ انہوںنے کہاکہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو مشورہ ہے کہ وہ فلمیں بنانے کا کاروبار شروع کر دیں، سیاست ان کے بس کی بات نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ جب بھی ان کے خلاف کوئی کیس کھلتا ہے تو کوئی نہ کوئی ویڈیو سامنے آ جاتی ہے، بعد میں پتہ چلتا ہے کہ یہ ویڈیو جعلی تھی، ن لیگ کا مقصد عدلیہ اور فوج پر دباﺅ ڈالنا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہمارے ہر علاقے میں فوجی اور غازی موجود ہیں، فوجیوں کو کون بلیک میل کر سکتا ہے؟۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ فوجی وہ لوگ ہیں جو گولی کھانے کے لئے تیار ہیں، سینے چوڑے کر کے سرحدوں پر کھڑے ہوتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پانامہ پیرز میں نواز شریف اور مریم نواز کی جائیدادوں کا انکشاف ہوا۔ انہوںنے کہاکہ ان کی جائیدادیں ایسے علاقوں میں سامنے آئیں جہاں برطانیہ کا وزیراعظم بھی شاید جائیداد نہ خرید سکے، مریم نواز نے کہا کہ ان کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں،نواز شریف اور مریم نواز کے پاس ان جائیدادوں کے ثبوت ہی موجود نہیں، رسیدیں ہیں تو یہ سامنے لائیں، نہیں ہیں تو انہیں لوٹا ہوا پیسہ واپس کرنا ہوگا یا جیل جانا ہوگا۔۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اگر کوئی ملک کو ترقی دے سکتا ہے تو وہ عمران خان ہیں، پی ٹی آئی واحد سیاسی جماعت ہے جو وفاق کی علامت ہے، عمران خان واحد لیڈر ہیں جو فرقہ واریت اور صوبائیت کی بات نہیں کرتے، صرف پاکستان کی بات کرتے ہیں۔ انہوںنے کہاک ہپاکستان تحریک انصاف کے سوا کوئی سیاسی پارٹی ایسی نہیں جو تمام نشستوں پر اپنے انتخابی امیدوار کھڑے کر سکے، پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی جماعت بن چکی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنے پانچ سال پورے کرے گی، آئندہ الیکشن میں بھی اس کا کوئی مقابل نہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج ملک میں مہنگائی کی بنیادی وجہ سابقہ ادوار میں کی جانے والی کرپشن ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سابق دور میں کی جانے والی کرپشن کی وجہ سے ملک میں آج معاشی مسائل درپیش ہیں، انشاءاللہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ تحصیل پنڈ دادنخان کو تین سالوں کے اندر ہم نے جس طریقے سے تبدیل کیا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی، وفاقی وزیر نے کہاکہ پنڈ دادنخان میں 61 ارب روپے کے منصوبے تین سالوں کے دوران دیئے گئے، 43 ارب روپے کا جلال پور نہر کا منصوبے سے علاقے میں لاکھوں ایکڑ زمین سیراب ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ 1906ءمیں اس وقت کے گورنر نے ڈپٹی کمشنر کو نہر کے لئے خط لکھا تھا، کے بعد 2020ءمیں یہ منصوبہ شروع ہوا جس پر کام جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مارچ 2023ءمیں اس منصوبے کا پہلا فیز مکمل ہو جائے گا اور زمینوں کو پانی ملنا شروع ہو جائے گا۔ فواد حسین نے کہاکہ لللہ جہلم ڈوئل کیرج وے کا پنڈ دادنخان سے لللہ تک کا فیز 1 اور مصری موڑ سے سنگھوئی تک فیز 2 آئندہ سال اپریل تک مکمل ہو جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ علاقے کے لوگوں سے کہا تھا کہ وہ اپنی زمینیں فروخت نہ کریں، آج علاقے میں ترقیاتی کاموں کی وجہ سے یہاں کی زمینوں کے نرخوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، علاقے میں بچوں کے لئے تعلیمی اداروں کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں، سکولوں اور کالجوں کے قیام سے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے لئے دوسرے علاقوں میں نہیں جانا پڑے گا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔علاقہ کے معززین نے بھی خطاب کیا اور حلقہ کی ترقی کے لئے وفاقی وزیر اطلاعات کی کاوشوں کو سراہا۔ علاقہ عمائدین نے کہاکہ حلقے کی پچاس سالہ تاریخ میں کوئی ایسا لیڈر نہیں آیا جس نے فواد حسین کی طرح علاقے کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھائے ہوں، فواد حسین ہمارا انتخاب ہیں، انشاءاللہ ان کی سرپرستی میں یہ خطہ ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہوگا۔جلسہ سے علاقے کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اور آڈیٹر جنرل آف پنجاب چوہدری فیصل نے بھی خطاب کیا۔
 یہ بھی پڑھیں۔اداس چہرے اور گہری سوچوں میں کھوئی اداکارہ حرامانی کی تصویر وائرل

مزیدخبریں