سپریم کورٹ نے گن اینڈ کنٹری کلب کے فوری آڈٹ کا حکم دے دیا

Nov 28, 2022 | 12:04:PM

(24 نیوز) سپریم کورٹ نے گن اینڈ کنٹری کلب کے فوری آڈٹ کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ جلد از جلد آڈٹ کے عمل کو مکمل کیا جائے، 2 دسمبر 2019 سے 20 جون 2022 تک کا آڈٹ کیا جائے، گن کلب اور سی ڈی اے کے درمیان زمین لیز کے معاملہ پر مجاز اتھارٹی فیصلہ کرے۔

 چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے گن اینڈ کنٹری کلب از خود نوٹس پر سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں کلب کی جانب سے اسلحہ کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سیکرٹری آئی پی سی جو کہ چیئرمین کمیٹی بھی ہیں انکی ایک میٹنگ میں چائے کا خرچہ 4 لاکھ 16 ہزار روپے تھا، دونوں اطراف الزامات ہیں، سپریم کورٹ کے اجلاسوں میں ہم کھانا پینا خود کرتے ہیں، سنا ہے قائداعظم بھی اجلاسوں میں چائے بسکٹ نہیں دیتے تھے۔

 ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ موجودہ کمیٹی کی جانب سے آڈٹ بھی نہیں کروایا جا رہا۔ ممبر کمیٹی نعیم بخاری نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں فیصل سخی بٹ، دانیال عزیز اور خرم خان کی سیاسی تقرریاں ہوئیں، انٹرنل آڈٹ ہر سال ہو رہا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بنچ کے ایک ممبر کیس نہیں سننا چاہتے۔

نعیم بخاری نے کہا کہ کمیٹی سی ڈی اے کو 1880 ملین کی ادائیگی کرنا چاہتی ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایک سو اسی کروڑ کی ادائیگی کا متعلقہ اتھارٹی فیصلے کرے ہم کچھ نہیں کریں گے، قومی اثاثہ ہے جس کو ہم صرف تحفظ دینا چاہتے ہیں، حکومت جلد از جلد قانون سازی کرے اور کلب کے انتظامات کو سنبھالے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت آئندہ برس فروری تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں