آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی صدر، وزیراعظم سے الوداعی ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت ، وزیر اعظم سے الوداعی ملاقات کی ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایوانِ صدر میں الوداعی ملاقات کی ،صدر مملکت نے جنرل قمر جاوید باجو ہ کی دفاعی شعبے میں خدمات کو سراہا،صدر مملکت نے جنرل قمر جاوید باجو ہ کی ملک اور پاک فوج کیلئے خدمات کی بھی تعریف کی،صدر عارف علوی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم ہاؤس میں الوداعی ملاقات کی ،وزیر اعظم نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی پاک آرمی، ملکی دفاع اور قومی مفادات کے لئے خدمات کو سراہا،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فیٹیف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے، کورونا وبا اور سیلاب سمیت مختلف بحرانوں میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے مثالی خدمات انجام دیں،دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں آرمی نے بڑی شجاعت و بہادری سے کردار ادا کیا ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تاریخ کے ایک مشکل مرحلے پر پاک آرمی کی قیادت کی،دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلیدی کردار ادا کیا،پیچیدہ علاقائی صورتحال میں جنرل قمر جاوید باجوہ کے قائدانہ کردار سے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں سمت کا تعین ہوا۔وزیراعظم نے جیواکنامکس کی اہمیت کے حوالے سے جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار کو سراہا۔
وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی قوت بنانے کے لئے تمام سیاسی قوتوں کو میثاق معیشت پر دستخط کرکے اجتماعی دانش کا مظاہرہ کرنا ہوگا،آپ کو دنیا کی بہترین آرمی کی قیادت کا باعث فخر اعزاز حاصل ہوا۔
ضرور پڑھیں : فوج اپنے فیصلے پر ثابت قدم رہے گی
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا،وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل قمر جاوید باجوہ کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا ،جنرل قمر جاوید باجوہ نے سرکاری امور کی انجام دہی میں بھرپور تعاون پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
ادھر خلیجی اخبار ’’گلف نیوز‘‘ کو انٹرویو میں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان نے اندرونی خلفشار پر قابو پانے میں ہمیشہ کردار ادا کیا، افواج پاکستان نے بذریعہ عسکری سفارتکاری عالمی سیاست میں توازن قائم رکھا۔ فوج کے غیرسیاسی ہونے کو کچھ افراد نے ہدف تنقید بنایا، فوج کے غیر سیاسی ہونے سے جمہوری اقدار پروان چڑھے گا۔
جنرل قمر جاوید جاوید کا کہنا تھا کہ فوج پروپیگنڈے اور جھوٹے بیانیے کے باوجود غیر سیاسی رہنے کے فیصلے پر ثابت قدم رہے گی، فوج کے غیر سیاسی ہونے سے پاکستان میں سیاسی استحکام کو فروغ ملے گا، فوج کے غیرسیاسی ہونے سے فوج کے عوام سے تعلقات مضبوط ہوں گے۔