کیا دستور کا آرٹیکل 14 اعلیٰ اور طاقتور ریاستی حکام کے لیے ہی قابلِ اطلاق رہے گا ؟ عمران خان

Nov 28, 2022 | 15:50:PM

 (24 نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سینیٹر اعظم سواتی کے حق میں ایک بار پھر آواز اٹھاتے ہوئے سپریم کورٹ سے سوال پوچھا ہے کہ ؟ کیا دستور کا آرٹیکل 14 اعلیٰ اور طاقتور ریاستی حکام کے لیے ہی قابلِ اطلاق رہے گا؟۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لکھا کہ دستور کا آرٹیکل 14 ”شرفِ انسانی کو قابلِ حرمت“ قرار دیتا ہے، سپریم کورٹ سے سوال ہے دستورکے اس آرٹیکل کا اطلاق محض طاقتور تک محدود ہے ؟ باقی سب کے لیے تو شرفِ انسانی جیسے بنیادی حق کو بھی تحفظ حاصل نہیں۔

 انہوں نے مزید لکھا کہ ‏سینیٹر اعظم سواتی کو برہنہ کیا گیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اعظم سواتی کی اہلیہ کو ایک نازیبا ویڈیو بھجوا کر ان کی تذلیل کی گئی، ہفتوں تک وہ سپریم کورٹ سے انصاف کے منتظر رہے مگر کوششیں بےسود رہیں۔

 چیئرمین پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا تھا قابلِ فہم غصے اور مایوسی میں وہ ‏ردِعمل دیتے ہیں تو جیل میں ڈال دیا جاتا ہے، ملک بھر میں ان کے خلاف کم و بیش 15 پرچے کاٹ دیے جاتے ہیں، اپنے معزز ججز سے میں پھر سے پوچھتا ہوں کہ اس سب میں انصاف کدھر ہے ؟ کیا دستور کا آرٹیکل 14 اعلیٰ اور طاقتور ریاستی حکام کے لیے ہی قابلِ اطلاق رہے گا؟۔

ایک اور ٹویٹ میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ‏شوکت خانم میموریل کینسرہسپتال اینڈ ریسرچ سنٹر کراچی کی عمارت کا ڈھانچہ مکمل ہوچکا ہے، لاہور کے اسپتال سے دوگنی جسامت کا حامل یہ کینسر اسپتال پاکستان میں ثالثی درجے (Tertiary Care) کی صحت کی سہولیات فراہم کرنے والا سب سے بڑا مرکز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تزئین و آرائش کے سلسلے کا آغاز ہوچکاہے اور دسمبر 2023 ‏میں اسپتال کھول دیا جائے گا، منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے ہمیں آپکی پیہم معاونت درکار ہے، آپ کی معاونت سے کراچی، اندرون سندھ اور بلوچستان کے لوگوں کو سرطان (کینسر) کے معیاری علاج کی سہولیات فراہم کر سکیں گے، مجھے اعتماد ہے کہ اسپتال کی تکمیل کیلئے میں ہمیشہ کیطرح اہلِ پاکستان پر انحصار کرسکتا ہوں۔

مزیدخبریں