عمران خان کا اسمبلیوں سے نکلنے کا اعلان ، پنجاب سے بھی استعفے آنا شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا اسمبلیوں سے نکلنے کے اعلان پر پنجاب میں بھی تحریک انصاف کے ارکان نے استعفے دینا شروع کر دیئے ۔
تفصیلات کے مطابق عامر اقبال شاہ ایم پی اے پی پی 224 دنیا پور نے اپنا استعفیٰ پیش کردیا،استعفیٰ کے متن میں کہا گیا ہے کہ پارٹی پالیسی کے مطابق اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہوتا ہوں،عامر اقبال شاہ نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے نام پر استعفیٰ تحریر کر دیا۔
خیال رہے کہ پیرعامراقبال شاہ حالیہ جولائی میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر پی ٹی آئی ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے۔
دوسری جانب تحریک انصاف سندھ کے تمام ارکان اسمبلی نے استعفے پارٹی قیادت کو پیش کر دیئے ، پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی خرم شیر زمان کو تمام ارکان کے استعفے موصول ہو گئے ، ذرائع کاکہناہے کہ سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے26 ارکان ہیں،پارلیمانی لیڈر پی ٹی آئی خرم شیر زمان نے تمام ارکان کے استعفے موصول ہونے کی تصدیق کردی،تمام ارکان سندھ اسمبلی کے استعفے حلیم عادل شیخ کے پاس ہیں ۔