قومی کرکٹرز صہیب مقصود اور عامر یامین سے پیسے لینے والے سندھ پولیس کے اہلکار گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) قومی کرکٹرز صہیب مقصود اور عامر یامین سے پیسے لینے والے سندھ پولیس کے 4 اہلکاروں کو گرفتار کرکے معطل کردیا گیا۔
آئی جی سندھ کے احکامات پر پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ دوسری جانب قومی کرکٹرز سے پیسے لینے کے معاملے پر ڈی آئی جی شہید بینظیر آباد نے انکوائری رپورٹ مرتب کرلی۔
ایس ایس پی حیدر رضا کے مطابق کرکٹر صہیب مقصود سے مبینہ طور پر رقم لینے کا واقعہ نواب شاہ کے علاقے کیریا اسٹاپ پر پیش آیا، جہاں پر 2 پولیس موبائل متعین تھیں، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کی تصاویر کرکٹر صہیب مقصود کو بھجوائی گئی ہیں۔ رقم لینے میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔
ادھر سندھ پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ سکرنڈ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او اور ہیڈ محرر کو معطل کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی شہید بینظیرآباد کے مطابق گرفتار چاروں اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی ہو رہی ہے ،حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی انکوائری رپورٹ آئی جی سندھ کو ارسال کی جائے گی۔