آٹو انڈسٹری میں بہتری،گاڑیوں کی فروخت میں حیرت انگیز اضافہ

Nov 28, 2024 | 10:59:AM

(24 نیوز)ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ملک میں آٹو انڈسٹری میں سرمایہ کاری کا رجحان بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے،پاکستانی آٹو انڈسٹری میں نمایاں بہتری سامنے آ رہی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ملک میں مسافر گاڑیوں کی فروخت میں 46.7 فیصد جبکہ ٹرک اور بسوں کی فروخت میں 82 فیصد بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

 اسی طرح جیپوں اور پک اپ گاڑیوں کی خریداری میں 60 فیصد اور موٹرسائیکلوں اور رکشوں کی فروخت میں 23.4 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ماحول دوست الیکٹرک گاڑیاں بھی ملک میں متعارف کرائی گئی ہیں، جن کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔بہتر آٹو فنانسنگ اور مارکیٹ میں بڑھتا ہوا اعتماد فروخت میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔آٹو انڈسٹری میں ترقی کی وجہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں بتدریج کمی بتائی جارہی ہے ۔

ضرورپڑھیں:پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ قائم ،100 انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرلیا

شرح سود میں کمی کی بدولت ستمبر میں 227 ارب 54 کروڑ روپے اور اگست میں 227 ارب 30 کروڑ روپے کے مقابلے اکتوبر میں آٹو فنانسنگ ماہ بہ ماہ مسلسل دوسرے مہینے 3.7 فیصد بڑھ کر 236 ارب روپے ہوگئی۔ سود سے پاک فنانسنگ کی بدولت صارفین اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ایس آئی ایف سی کی سہولت کاری سے شرح سود میں مزید کمی اور نئے ماڈلز سے آٹو سیلز میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ہم اُمید کرتے ہیں شرح سود میں مزید کمی سے آٹو فنناسنگ کا شعبہ مزید ترقی کرے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مسلسل تیزی دیکھنے میں آرہی ہے،100انڈیکس ایک لاکھ کی سطح عبور کرگیا ۔

مزیدخبریں