(مانیٹرنگ ڈیسک) آصف علی نے بتایا کہ انہوں نے میچ کھیلنے سے پہلے ارادہ کرلیا تھا کہ بھارت کی طرح نیوزی لینڈ سے بھی میچ جیتنا بہت ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے مڈل آرڈر بیٹر آصف علی نے ویڈیو بیان میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔پی سی بی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر آصف علی کا ویڈیو بیان جاری کیا گیا جس میں انہوں نے کہا کہ جب نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترا تب ہی سوچ لیا تھا یہاں سے میچ ہر صورت جیت کر جاؤں گا۔
کرکٹر کا کہنا تھا کہ پریکٹس میچ میں بھی وہ شعیب ملک کے ساتھ پریکٹس کرچکے ہیں اس دوران وہ سمجھاتے رہے ہیں کہ وقت لو اور پریکٹس کرو لیکن کل جب نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترا اور شعیب ملک سے ہاتھ ملایا تو انہوں نے کہا آج تمہارا دن ہے جو دل کرے کرنا ، آصف نے مزید بتایا کہ شعیب ملک نے انہیں کہا کہ بس خیال رکھنا کہ ٹارگٹ سامنے رکھنا کہیں اور دیکھ کے شارٹ نہ مارنا۔
خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف شاندار فتح میں بولر حارث رؤف اور آصف علی سمیت شعیب ملک نے اہم کردار ادا کیا،حارث رؤف نے کیویز کے 4 بہترین کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا جب کہ آخری اوورز میں آصف علی کے 3 چھکوں اور شعیب ملک کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت 135 رنز کا ہدف 19 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: ہسپتال کی بجلی منقطع۔۔مریض اور عملہ پریشان