(24نیوز)مذہبی جماعت کے لانگ مارچ کی وجہ سے لاہور سے راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تمام ٹرینیں معطل کر دی گئیں۔ موجودہ حالات کے پیش نظر پشاور اور راولپنڈی سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کو متبادل راستوں سے لاہور روانہ کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
مذہبی جماعت کے لانگ مارچ کے پیش نظر پشاور اور راولپنڈی سے لاہور آنے والی ٹرینوں کو متبادل روٹ فراہم کر دیا گیا ہے، کچھ روٹ آج کے لئے معطل رہیں گے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق پشاور اور راولپنڈی سے آنے اور جانے والی ٹرینوں کو براستہ جنڈ، بسال، کندیاں، سرگودھا، سانگلہ ہل، شیخوپورہ، لاہور روانہ کیا جا رہا ہے۔ لاہور اور راولپنڈی کے درمیان شام 4 بجکر 30 منٹ پر چلنے والی سبک خرام اور شام 6 بجے چلنے والی اسلام آباد ایکسپریس اور رات 12 بجکر 30 منٹ پر چلنے والی راول ایکسپریس کو بھی دونوں اطراف سے آج کے لیے معطل کر دیا گیا۔ گرین لائن کو راولپنڈی سے لاہور کے لیے آج کے روز معطل کر دیا گیا۔ پاکستان ریلوے کے سسٹم پر چلنے والی باقی تمام ٹرینیں اپنے اپنے معمول اور روٹ کے مطابق چل رہی ہیں۔اس کے علاوہ کراچی اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی تیز گام اپ کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بابر اعظم کیلئے بڑی خوشخبری۔۔ ICC نے بڑا اعلان کر دیا