پاک فوج کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس ۔۔۔تمام خطرات کا موثر جواب دینے  کا عزم

Oct 28, 2021 | 19:10:PM

 (24نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا   کی زیرصدارت دفاع اورقومی سلامتی کےامور کی صورتحال کا  جائزہ لینے  کیلئےسروسز چیفس کا اجلاس جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز  میں ہوا۔ 

اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف ایئرسٹاف نے شرکت کی۔ 

اجلاس کے شرکا نے سکیورٹی  کے امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ اجلاس میں  سٹریٹجک اور روایتی پالیسیوں کے تناظر میں تبدیل ہوتی صورتحال  اور خطے میں پائیدار ترقی کے لیے افغانستان میں امن کی اہمیت، درپیش مشترکہ چیلنجز     اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ 

سروسز چیفس نے افواج کی تیاریوں پر اطمینان اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ شرکا نے مسلح افواج کے تمام خطرات کا ایک جامع حکمت عملی کے مطابق انتہائی موزوں انداز میں جواب دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔

اجلاس میں جنرل ندیم رضا نے کہاکہ جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز  ایک قومی نقطہ نظر کے تحت پاکستان کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کےفروغ کے لیے کوشاں ہے۔چیئرمین جے سی ایس سی نے پاکستان کو درپیش تمام دفاعی اور سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کے مشترکہ تعاون کو بھی سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:منشیات کیس میں آریان خان کی ضمانت منظور۔۔

مزیدخبریں