ایمان علی کو ماہرہ خان اور فواد خان کے بارے میں بیان دینا مہنگا پڑ گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ماڈل ایمان علی اکثر ہی اپنے انٹرویوز میں صاف گوئی اور بے باکی سے گفتگو کرنے کی وجہ سے تنقید کا شکار ہوجاتی ہیں۔ ایمان علی کو ماہرہ خان اورفواد خان کے بارے میں اپنے متنازع بیان پر وضاحت دینی پڑیں۔اس طرح اداکارہ کو2020ء میں دیے گئے ایک انٹرویو پر بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جب اُنہوں نے پاکستانی سپر اسٹارز جیسے فواد خان، ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کے بارے میں کچھ تبصرے کیے تھے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ نے حال ہی میں ایک ویب شو کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا کہ ’میرا مقصد ماہرہ خان اور فواد خان کی بے عزتی کرنا نہیں تھا‘۔اُنہوں نےمزید کہا کہ ’اس شو کے دوران مجھ سے سوال کیا گیا کہ اگر یہ تمام لوگ اداکار نہ ہوتے تو پھر زندگی کے کس شعبے سے منسلک ہوتے تو میں نے اس سوال پر صرف اپنی رائے دی تھی کہ مجھے وہ لوگ اپنی شخصیت کے حساب سے کس شعبۂ زندگی کے لیے بہتر لگتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ ایمان علی نے ایک شو کے ریپڈ فائر سیشن کے دوران پوچھے گئے چند سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمایوں سعید بظاہر اپنے پنجابی انداز سے دودھ یا دہی بیچنے والے لگتے ہیں۔
ایمان علی نے ماہرہ خان کے بارے میں کہا کہ وہ ایک بہت اچھی ویڈیو جوکی تھیں، اس لیے اُنہیں ویڈیو جوکی ہی رہنا چاہیئے تھا جبکہ فواد خان سے متعلق اداکارہ نے اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ وہ فلم’خدا کے لیے‘ کے سیٹ پر سب کو بہت ہی احمقانہ لطیفے سناتے تھے تو اس لیے شاید وہ کبھی اچھے اسٹینڈ اَپ کامیڈین نہیں بن سکتے۔