(احمد منصور)خیبرپختونخوا میں دو مختلف واقعات میں ایک دہشتگردہلاک جبکہ 2 جوان وطن پر شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا میں 27 اکتوبر کو دو مختلف واقعات پیش آئے،ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فائرنگ کے شدید تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا جبکہ دو دہشت گرد زخمی ہوئے، جنہیں سکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک اور واقعہ میں جنوبی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا ،بارودی سرنگ دھماکے میں مادر وطن کے 2 جوان شہیدہو گئے،شہدامیں سپاہی بنارس اور سپاہی کریم شامل ہیں، 23 سالہ شہید سپاہی بنارس خان کا تعلق اورکزئی جبکہ 23 سالہ شہید سپاہی عبدالکریم کا تعلق خیبر سے تھا۔
ادھر ضلع خیبر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشتگردوں سے ہتھیار اور ایمونیشن برآمدہوا،آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردسکیورٹی فورسز پر حملوں اور بےگناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے،علاقے سے دہشتگردوں کا خاتمہ یقینی بنانے کیلئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانیاں دہشتگردی کے خلاف عزم کو تقویت بخشتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے