ورلڈکپ: آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈکو 5 رن سے شکست دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(افضل بلال)آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5 رن سے شکست دے دی۔
دھرمشالہ کے ہماچل پردیش سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے389 رن کا پہاڑ جیسا ہدف دیا،جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھی خوب مقابلہ کیا تاہم میچ کے نتائج اپنے حق میں نہ کرسکی، کیوی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 383 رن بناسکی۔
بھارت میں جاری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈ کپ کے 13 ویں ایڈیشن کے 27 ویں میچ میں کینگروز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کیویز اوپنر خاطرخواہ کارگردگی نہ دکھا پائے اور پویلین لوٹ گئے، کونوے 28 جبکہ ول ینگ 32 رنز بنا کر پویلین لوٹے، نمبر 3 پر آنے والے رچن رویندرا نے 116 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ان کے علاوہ دیرل مچلز 54 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے دونوں اوپنرز کو جوش ہیزل ووڈ نے پویلین کی راہ دکھائی, ان کے علاوہ ایڈم زیمپا نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ گلین میکسویل نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر بلےباز ڈیوڈ وارنر نے 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے جبکہ دوسرے اوپنر ٹریوس ہیڈ نے 7 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 67 گیندوں پر 109 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو نہایت مضبوط آغاز دیا، دونوں ہی اوپنر گلین فلپس کا شکار بنے، ان کے علاوہ گلین میکس ویل نے 41، وکٹ کیپر جوش انگلس 38 اور کپتان پیٹ کمنز 37 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور گلین فلپس نے 3، 3، مچل سینٹنر نے 2 جبکہ جمی نیشم اور میٹ ہینری نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، یوں 49.2 اوورز میں گینگروز کی ساری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک جنوبی افریقہ میچ، آئی سی سی نے بڑی غلطی تسلیم کر لی
قبل ازیں کیویز کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹاس کے موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم کا کہنا تھا کہ وہ میچ میں کامیابی کے لئے پر عزم ہیں اور اچھا کھیل پیش کریں گے۔ دوسری جانب آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا کہنا تھا کہ اس بڑے میچ میں کامیابی کو یقینی بنائیں گے اور سیمی فائنل تک رسائی کی جانب ایک اور قدم بڑھائیں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا کے مایہ ناز اوپنر بلے باز ٹراوس ہیڈ نے بھی بھارت میں ٹیم کو جوائن کر لیا ہے اور اس میچ میں آسٹریلیا کے لئے اننگز کا آغاز کر رہے ہیں۔