تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی، یو این سیکرٹری جنرل

Oct 28, 2023 | 14:49:PM

(ویب ڈیسک) نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم پر اپنے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ یہ سچائی کا لمحہ ہے، تاریخ ہم سب کا فیصلہ کرے گی، سب اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، غزہ میں 20 لاکھ انسانوں کو تباہی کا سامنا ہے، شہریوں کیلئے ناقابل تصور تباہی ہے۔

انتونیو گوتریس نے مشرق وسطیٰ میں فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں زندگی بچانے والے سامان کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔

دوسری جانب قابض اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر غزہ پر زمینی اور فضائی حملے شروع کردیئے ہیں، جس کے باعث بڑے پیمانے پر شہادتوں اور تباہی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، شدید بمباری کے باعث مواصلاتی نظام تباہ ہوچکا ہے، جس کے باعث غزہ کا دنیا بھر سے رابطہ مکمل طور پر منقطع ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں: نیویارک:غزہ میں سیز فائر کے حامی یہودیوں کا احتجاج،متعدد گرفتار 

واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ میں بھرپور طاقت کے ساتھ آپریشن اور وحشیانہ بمباری کا آغاز کیاہے، جس کے باعث غزہ کی پٹی میں مواصلاتی نظام مکمل تباہ ہوگیا ہے۔ عرب میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غزہ میں 100 سے زائد فضائی طیاروں کی جانب سے بمباری کی جارہی ہے، جبکہ ٹینکس اور توپوں کے ذریعے بھی بمباری کا سلسلہ جاری ہے۔

الجزیزہ کے مطابق فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی جوال کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے آخری بچنے والی انٹرنیشنل کیبل بھی تباہ ہوگئی ہے، جس کے باعث غزہ کا رابطہ دنیا سے کٹ گیا ہے۔

مزیدخبریں