(ویب ڈیسک)فردوس جمال ٹی وی ڈراموں کا ایک مُعتبرنام ہے،کئی دہائیوں پرمحیط فنّی سفر کے دوران سینکڑوں ڈراموں میں اداکاری کرچکے ہیں،مُکالموں کی ادائیگی کے مُنفرد انداز اورفطرت سے قریب تر اداکاری کے باعث بے شُمار کرداروں کویادگار بناچکے ہیں،ان کا ہر کرداردوسرے سے مُنفرد ہوتا ہے،اس معروف پاکستانی اداکار نے حال ہی میں اپنی زندگی کے ایک اہم باب کا انکشاف کیا ہے۔
ڈرامہ سیریل وارث، منچلے کا سودا، سائبان شیشے کا، انا اور پیارے افضل جیسے مشہور ڈراموں میں یادگار کردار ادا کرنے والے فردوس جمال کا کہناہے کہ دسمبر 2022 میں کینسر کی تشخیص کے بعد صحت یاب ہونے پرانہوں نے اپنی فیملی سے دوری اختیار کرلی ہے۔
فردوس جمال نے کہامیں نے اپنی فیملی کو اس لیے چھوڑ دیا کہ انہیں میری وجہ سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، بچوں کی زندگی میں سکون ہے اور وہ اپنے راستے پر اچھا کر رہے ہیں،انہیں یقین ہے کہ ان کی فیملی ان کی غیر موجودگی میں زیادہ پرسکون زندگی گزار رہی ہے۔
فردوس جمال نے اپنے خیالات پرقائم رہنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہاکہ میں نے جو محسوس کیا وہ کہا،میرے بچے یا دوسرے لوگ اپنے خیالات رکھتے ہوں گے، مگر میں اپنے جذبات اور خیالات کو چھپانے کا عادی نہیں ہوں۔