(ویب ڈیسک) معروف اداکارہ انعم تنویر نے کہا ہے کہ میں شادی کرنا چاہتی ہوں لیکن انڈسٹری میں بڑھتی ہوئی طلاقوں کے خوف سے شادی سے ڈر لگتا ہے۔
انعم تنویرحال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں اپنے شوبز کیریئر، نجی زندگی اور شادی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر اپنے خیالات کااظہار کیا۔
پروگرام کے دوران سوال وجواب کے سیگمنٹ میں اداکارہ سے شادی سےمتعلق سوال پوچھا گیا تو انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں شادی کرنا چاہتی ہوں لیکن دل نہیں مان رہا،پتا نہیں کیوں ڈر لگ رہا ہے،شوبز میں اتنی طلاقیں ہورہی ہیں سوچ رہی ہوں کہ پتا نہیں کیا ہوگا۔
انعم تنویر نے کہا کہ جس کا جواب میرے پاس نہیں ہے اگر اللہ ہی میرے دل میں ڈال دے تو میں شادی کروں، مجھے بس ایک اچھی شخصیت کے حامل شخص کی تلاش ہے جو میرے کام کو سراہے۔
شوہر میں پائی جانیوالی خوبیاں بیان کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ میں چاہتی ہوں میرا شوہر ایسا ہو جو ہماری فیلڈ میں رات کو دیر سے آنے پر میری مجبوری کو سمجھتا ہو،جیون ساتھی کھلے دماغ کا ہو، لبرل انسان ہو، احساسات کو سمجھے، کنجوس نہ ہو کیونکہ میں بھی کھلے دل کی مالک ہوں، تعلیم یافتہ ہو، اپنے سے کم ترین لوگوں کا خیال رکھے۔