(امانت گشکوری)چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
سپریم کورٹ اعلامیہ کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ سمیت تمام ججز فل کورٹ اجلاس میں شریک ہوئے،جسٹس منصور علی شاہ ویڈیو لنک پر فل کورٹ اجلاس میں شریک ہوئے،اجلاس میں زیر التوا مقدمات میں کمی کیلئے تجاویز پیش کی گئیں۔
اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس 2 دسمبر کو دوبارہ ہوگا،اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں،رجسٹرار سپریم کورٹ نے زیر التوا مقدمات سے متعلق بریفنگ دی،سپریم کورٹ میں اس وقت 59 ہزار 191 مقدمات زیر التوا ہیں،رجسٹرار کے مطابق زیر التوا مقدمات میں کمی کیلئے ماہانہ کیس مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد ہورہا ہے،جسٹس منصور علی شاہ نے 2023 میں ماہانہ کیس مینجمنٹ پلان دیا تھا،اجلاس میں کیس مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر اتفاق ہوا۔
اعلامیہ کے مطابق سول اور کرمنل مقدمات دو یا تین رکنی بنچ کے سامنے مقرر ہورہے ہیں،جسٹس منصور علی شاہ نے کیس مینجمنٹ سے متعلق کچھ اضافی تجاویز پیش کیں،جسٹس منصور علی شاہ نے کیس مینجمنٹ پلان ایک ماہ کے بعد تین ماہ اور چھ ماہ تک بڑھانے کی تجویز دی۔
یہ بھی پڑھیں:گھی اور تیل مہنگا ہوگیا