(اشرف خان) سعودی عرب کے قائم مقام قونصل جنرل عبدالرحمان سعد جمعہ نے پاکستان اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر نائب چئیرمین عدنان پراچہ سے ملاقات کی، ملاقات میں سعودی عرب نوکری کے لیے جانے والے پاکستانیوں کے مسائل پر گفتگو کی گئی۔
عدنان پراچہ کا کہنا کہ انہوں نے سعودی عرب جانے والے محنت کشوں کے مسائل سنے ہیں اور ان کی سفارشات اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی، ملاقات میں عدنان پراچہ نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب سے سب سے زیادہ ترسیلات زر آتی ہیں اور انہوں نے نئے سال میں زیادہ سے زیادہ افراد کو سعودی عرب میں ملازمت پر بھیجنے کا منصوبہ پیش کیا۔
دوسری جانب سعودی قونصل جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ نوکری کے لیے جانے والے افراد کو ہنر مند بنا کر بھیجا جائے تاکہ وہ بہتر طریقے سے کام کر سکیں، سعودی قونصل جنرل نے بھی پاکستانی کاروباری افراد کے مسائل کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی، انہوں نے پاکستانی ورکز کے کردار کو دونوں ممالک کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے میں اہم قرار دیا۔
یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی ایک اہم کڑی ہے اور پاکستانی محنت کشوں کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے ایک مثبت اقدام کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔