(24 نیوز) پاکستان تحریکِِِِِِِِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے آئینی ترمیم کو غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دے دیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے حالیہ قانون سازی اور آئینی ترامیم پر سخت تنقید کی، انہوں نے کہا کہ یہ قانون سازی پاکستانی تاریخ میں پہلی بار ایسی ہے جو غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے، اسد قیصر نے اپنے ممبران کی حوصلہ افزائی کی جو جبر اور تشدد کے باوجود اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑے رہے اور کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو زرداری کے کردار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جبر کے معاملے میں شریک ہیں۔ اسد قیصر نے مزید کہا کہ ان کے مخالفین کے گھروں کو مسمار کیا گیا اور ان کے کاروبار بند کیے گئے، خاص طور پر حاجی امتیاز کی زمینوں پر قبضہ کیا گیا۔
انہوں نے ایوان میں منحرف اراکین کی تصاویر لہرا کر ان کی مخالفت کی اور ’اورنگزیب کھچی‘ کے بارے میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’اورنگزیب کچرا‘ ہے۔ اس پر ڈپٹی سپیکر نے اسد قیصر کو تنبیہ کی کہ وہ ایسے الفاظ استعمال نہ کریں۔
اسد قیصر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا بیان کہ ’’کوئی لوٹا ووٹ نہیں ہے‘‘ غلط ہے اور انہوں نے ایوان میں ووٹ دینے والے ارکان کی تصاویر پیش کر کے ان پر تنقید کی۔ انہوں نے چوہدری الیاس کو ’لوٹا‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا تھا، حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جو 5 ووٹ آپ کو پڑے ہیں وہ آپ نے خریدے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کی نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے یہ اسمبلی مکمل نہیں ہے اور پاکستان میں جمہوریت ہار گئی ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی پر بھی تنقید کی کہ 1973 کے آئین کا تقدس پامال کیا گیا ہے۔
اسد قیصر نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ ملک آئین و قانون کے تحت چلتا ہے یا انہوں نے کوئی راجواڑہ بنایا ہے۔ انہوں نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے کہا کہ ابھی اسمبلی میں ہنگامہ ہوگا اور عوام میں بھی ہم جلسے کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: 27 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے خبروں کی حقیقت سامنے آگئی
اس کے علاوہ، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے حکومتی بنچز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جناب سپیکر وقت دیکھیں اور ان کی سنجیدگی دیکھیں، ہم بھی وزیر رہے ہیں اور متعدد بار رہے مگر ہم حاضر ہوتے تھے، ان کی تمام نشستیں خالی ہیں، شہباز شریف کی اس رجیم کی انتہائی مذمت کرتے ہیں۔
عمر ایوب کے اس بیان پر ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ آپ کی بات بالکل ٹھیک ہے لیکن آج کچھ خاص دن ہے، روسی فیڈریشن کونسل کی سپیکر یہاں آئی ہیں، ان کے اعزاز میں تقریب ہے، آج اس وجہ سے وہ مصروف ہیں۔