پنجاب میں کورونا کیسز میں اضافہ۔ حکمت عملی مزید سخت۔نیا حکم نامہ جاری

Sep 28, 2021 | 18:53:PM

 (24نیوز)پنجاب میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ویکسی نیشن اہداف حاصل   کرنےکے لئے حکمت عملی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافے کے پیش نظر سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندر بلوچ نے نئے احکامات جاری کر دئیے۔اس سلسلے میں سیکرٹری صحت پنجاب نے ویکسی نیشن کے مقرر کردہ اہداف حاصل کرنے کے لئے حکمت عملی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی طور پر شادی ہالز اور مارکیز کی خصوصی چیکنگ عمل میں لائی جائے گی۔ شادی ہال انتظامیہ اپنے طور پر مندرجہ ذیل انتظامات کی پابند ہوگی، داخلی راستوں اور نمایاں جگہوں پر ویکسی نیشن کے لئے عوامی آگاہی کے لیے معلومات آویزاں کرے گی اور نمایاں جگہوں پر ہال کے اندر سٹینڈی فلیکس پر معلومات فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی نان ویکسی نیٹڈ شخص کے داخلے پر مکمل پابندی ہو گی، تمام عملہ ویکسی نیٹڈ ہونے کا بیج لگائیں گے جبکہ داخلی راستوں پر معقول آئی ٹی نظام کی مدد سے آنے والے مہمانوں کاویکسی نیشن سٹیٹس 1166 کے ذریعے چیک کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ویکسی نیشن کارڈ کا کیو آرکوڈ سکین کر کے چیک کیا جائے گا ، جس کے بعد ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کا نمبر nims.nadra.gov.pk پر بھیج کر تصدیق کیا جائے گی۔
سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندر بلوچ کے مطابق ویکسی نیشن اہداف حاصل کرنے کے لئے تمام محکموں اور سیکٹرز کو مختلف تاریخیں تفویض کی گئی ہیں ، ہال میں ویکسی نیشن کی آگاہی سے متعلق پیغامات چلائے جائیں گے، ہال کے باہر اور دعوت نامہ پر صرف ویکسی نیٹڈ مہمانوں کو ہی آنے کی تلقین کی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کو دکھانے کے لیے تمام مہمانوں کی ویکسی نیشن کا ڈیٹا محفوظ کیا جائے گا اور تمام سیکٹرز اپنی تفویض کردہ تاریخوں کے مطابق مکمل ویکسی نیشن یقینی بنائیں۔ مقرر کردہ آخری تاریخ کے بعد تمام سیکٹرز میں بغیر ویکسی نیشن کے کسی فرد کو کوئی سہولت نہیں دی جائے گی، محکمہ تعلیم سے منسلک افراداساتذہ، انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ سٹاف30 ستمبر تک مکمل ویکسی نیشن یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری مراکز میں داخلے اور ہوٹلز اور ریسٹ ہاﺅسز میں بکنگ ، انڈور ڈائننگ، شادیوں اور ریسٹورنٹس کے لیے 30 ستمبر تک مکمل ویکسی نیشن لازم ہے جبکہ تمام نجی اور سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے افراد کے لئے 15 اکتوبر تک ویکسی نیشن کروانا لازم ہو گا۔
عمران سکندر بلوچ کے مطابق ٹرین اور موٹروے پر سفر کے لئے 15 اکتوبر تک مکمل ویکسی نیشن لگوانے کی شرط عائد کی گئی ہے اور قومی شاہراہوں پر پبلک ٹرانسپورٹ، (بین الصوبائی، شہروں کے اندر اور مابین چلنے والی گاڑیوں)میٹرو، بی آرٹی ، اورینج ٹرین میں سفر کے لئے 31 اکتوبر تک مکمل ویکسین لگوانا لازم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی پبلک ٹرانسپورٹ میں اور ٹرمینلز پر کام کرنے والے افراد کے لئے 15 اکتوبر تک مکمل ویکسی نیشن لگوانا لازم ہو گا جبکہ 18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لئے15 نومبرتک ویکسی نیشن مکمل کروانے کی شرط عائد کی گئی ہے۔سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندر بلوچ کے مطابق بیرون اور اندرون ملک سفر کرنے والے افراد اورہوٹلز ،ریسٹورنٹس اور شادی ہالز میں داخلے کے لئے 30 ستمبرتک کی تاریخ مقرر کی گئی ہے ، بیرون ملک سے آنے والے تمام افراد جو 30 ستمبر سے پہلے آئے ہوں، 31 اکتوبر تک ویکسین مکمل کروائیں۔ ٹریفک ، موٹروے، ہائی وے پولیس اور ضلعی انتظامیہ ان قوانین پر عملدرآمد اور چیکنگ کی ذمہ دار ہو گی اور مقررہ تاریخ کے بعد ویکسی نیشن کے بغیر کسی بھی سیکٹر میں کوئی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔
 یہ بھی پڑھیں۔اداکار سدھارتھ شکلا کی قریبی دوست شہناز گِل کی فلم ’حوصلہ رکھ‘ کا ٹریلر جاری

مزیدخبریں