سپریم کورٹ کا سرکاری نوکریوں میں اقلیتوں کی 30 ہزار خالی اسامیوں پر اظہار تشویش 

Sep 28, 2021 | 23:53:PM
اقلیت کوٹہ کیس
کیپشن: سپریم کورٹ آف پاکستان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (نیوز ایجنسی) سپریم کورٹ نے سرکاری نوکریوں میں اقلیتوں کی 30 ہزار خالی اسامیوں پرتشویش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے رحیم یارخان مندر حملہ از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔چیئرمین ون مین کمیشن شعیب سڈل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ اقلیتوں کےلئے سرکاری نوکریوں میں 5 فیصد کوٹا مختص ہے، اقلیتوں کے مختص شدہ سرکاری نوکری کوٹے میں ہندو، مسیح، سکھ یا دیگر سے متعلق وضاحت نہیں، اقلیتوں کی اس وقت پورے ملک میں 30 ہزار سرکاری اسامیاں خالی ہیں۔سپریم کورٹ نے اقلیتوں کی سرکاری نوکریوں میں 30 ہزار خالی اسامیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو بتایا گیا ہے کہ وفاق، پنجاب، کے پی اور بلوچستان حکومت اقلیتوں کے کوٹے پر بھرتیاں نہیں کر رہیں، وفاقی حکومت اور صوبائی چیف سیکریٹری ون مین کمیشن سے تعاون کریں، متعلقہ اتھارٹیز اقلیتوں کی نوکریوں سے متعلق معاملات پر جلد اقدامات کر کے رپورٹ جمع کرائیں۔دوران سماعت سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ رحیم یار خان مندر کی دوبارہ تعمیر کی جا چکی ہے، بھونگ میں پولیس اسٹیشن کے قیام کے لیے رئیس منیر احمد نے 10 کنال زمین پنجاب پولیس کو تحفے کے طور پر دی ہے، ملتان سکھر موٹر وے پر صادق آباد انٹرچینج کی تعمیر کے لیے رئیس منیر 25 ایکڑ زمین تحفے کے طور پر دینے کو تیار ہیں، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور سیکریٹری پلاننگ آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں اور صادق آباد انٹرچینج کی تعمیر سے متعلق عدالت کو آگاہ کریں۔چیف جسٹس نے چیئرمین این ایچ اے سے استفسار کیا کہ آپ نے موٹر ویز اور ہائی ویز کا حال دیکھا ہے؟ کیا آپ نے چترال گلگت ہائی وے کی حالت دیکھی ہے؟ مجھے بتایا گیا ہے کہ کاغذوں میں تین بار چترال گلگت ہائی وے بن چکی ہے، سندھ میں تو موٹر وے بس نام کی ہی ہے، ملتان سکھر موٹر وے پر کوئی ریسٹ رومز موجود نہیں، جس پر چیئرمین این ایچ اے نے کہا کہ ہم اقدامات کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جنو بی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن۔۔ 10 دہشتگرد ہلاک