امریکی سائفر پر لیک آڈیو، عمران خان کا ردعمل آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) امریکی سائفر کے حوالے سے لیک ہونے والی آڈیو پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔
سائفر لیک پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہیکرز نے اچھا کیا میں تو کہتا ہوں پورا سائفر ہی لیک ہو جائے تاکہ سب کو پتہ چلے کہ یہ کتنی بڑی بیرونی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائفر کے اوپر تو ابھی میں نے کھیلا ہی نہیں ہے، یہ ایکسپوز کریں گے تو ہم کھیلیں گے۔
عمران خان نے سائفر سے متعلق آڈیو لیک کرنے کا الزام وزیراعظم پر لگاتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف وغیرہ نے آڈیو لیک کر کے بڑا اچھا کیا، میں تو کہتا ہوں کہ پورا سائفر ہی لیک ہو جائے تاکہ سب کچھ سامنے آجائے گا۔
آڈیو لیک کے بعد اب سائیفر لیک ہونا چاہیئے- عمران خان #سائفر_ایک_حقیقت_ہے
— PTI (@PTIofficial) September 28, 2022
pic.twitter.com/9KheSQY4CG
تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان سے صحافی نے سوال کیا کہ خان صاحب مذاکرات ہوں گے یا دھرنا ؟ جس پر انہوں نے جواب دیا انتظار کریں، فی الحال انتظار کرنا ہوگا کس وقت کیا ہوگا بعد میں پتا چلے گا۔
یاد رہے کہ امریکی سائفر کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے ساتھ مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ امریکا کا نام نہیں لینا، اب ہم نے صرف کھیلنا ہے۔
چند روز قبل وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی ایک آڈیو بھی لیک ہوئی تھی جس میں وزیراعظم، وزیر داخلہ، وزیر دفاع اور وزیر قانون کے علاوہ ایاز صادق کی آواز بھی شامل تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آڈیو لیک کو ملکی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے کی ہر سطح سے تحقیقات کی جائیں گی۔