(24 نیوز)سیلاب متاثرین کیلئے برطانیہ کے امدادی سامان کی پہلی کھیپ کراچی پورٹ پہنچ گئی۔
برطانیہ کے امدادی پیکیج میں تباہ کن سیلاب سے متاثر ہونے والے لوگوں کیلئے 2 ملین پاﺅنڈ مالیت کی امدادی اشیا متحدہ عرب امارات سے پاکستان پہنچی ہیں۔امدادی اشیا میں ایک لاکھ94 ہزار300 افرادکیلئے ہنگامی پناہ گاہیں اور 10 ہزار لوگوں کیلئے کمبل اور چٹائیاں شامل ہیں۔
ہنگامی پناہ گاہوں میں کوریج اور فکسنگ کٹس، کھمبے اور پیگ سیٹ شامل ہیں۔ برطانیہ32 ہزار 495 افراد کو صحت کے خطرات کو کم کرنے کیلئے پانی کے فلٹر اور حفظان صحت کا سامان بھی فراہم کرے گا۔ 19 کنٹینرز کی پہلی کھیپ منگل کو کراچی بندرگاہ پر پہنچی ، مزید 26 کھیپیں آنے والے دنوں اور ہفتوں میں پہنچیں گے۔
برطانیہ نے اب تک سیلاب کی امدادی سرگرمیوں میں مدد کیلئے مجموعی طور پر ساڑھے 16 ملین پاﺅنڈ کا عہد کیا ہے ،برطانوی عوام نے ڈیزاسٹر ایمرجنسی کمیٹی کی پاکستان اپیل کے ذریعے 25 ملین پاﺅنڈسے زیادہ کا عطیہ دیا ہے۔ اس اپیل کو خاص طور پر انگلینڈ کی مردوں کی کرکٹ ٹیم نے سپورٹ کیا ہے، یہ ٹیم اس وقت ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان کا دورے پر ہے، اس ٹیم نے ذاتی عطیہ دیا جو کہ اس کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پورا کیا۔
برطانیہ کی رائل ایئر فورس کی ایک پرواز نے 8 کشتیاں اور 10 پورٹیبل جنریٹر فراہم کیے،یہ اشیا برطانیہ کی وزارت دفاع نے سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں میں استعمال کیلئے تحفے میں دیئے تھے۔
برٹش ایئرویز اور ورجن اٹلانٹک بھی اپنے کارگو میں مفت امدادی کھیپ بھجوارہی ہیں۔یہ برطانیہ کی امدادی کھیپ متعدد کھیپوں میں سے پہلی ہے جو تباہ کن سیلاب سے متاثرہ پاکستانی عوام کی فوری ضروریات کو پورا کرتی ہے۔
برطانیہ نقد اور سامان دونوں میں مدد فراہم کرتا رہے گا، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کمیونٹیز دوبارہ آباد ہوں اورمستقبل میں آنے والی آفات سے بھی محفوظ رہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آڈیو لیکس کے بعد کرپٹ ٹولہ بےنقاب ہو گیا: عمر سرفراز چیمہ