(24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل تاحال ن لیگ کا حصہ ہیں، سندھ میں مسلم لیگ ن کا کوئی لڑائی جھگڑا نہیں۔
رہنما پاکستان مسلم لیگ ن محمد زبیر نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف، مریم نواز کی خواہش ہے سندھ کے لاکھوں ورکرز استقبال کیلئے اپنا حصہ ڈالیں، اس حوالے سے ہماری پہلی میٹنگ ہوئی، نوازشریف چارسال بعد واپس آرہے ہیں، نوازشریف الیکشن مہم کو لیڈ کرنے کیلئے آرہے ہیں۔
سندھ کی 30 ڈسٹرکٹ کے تمام نمائندوں کو متحرک کریں گے، اندرون سندھ، حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ سمیت سب جگہ جائیں گے، سندھ کے ورکرز کو کیسے لاہور لیجانا ہے انتظامات کررہے ہیں، نوازشریف کا فقید المثال استقبال کریں گے، 21 اکتوبر کو کسی کو شک نہیں رہے گا کہ نوازشریف سب سے مقبول لیڈر ہیں۔
محمد زبیر نے کہا 21 اکتوبر ن لیگ کیلئے بہت بڑا دن ہے، مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے، ملکی و انٹرنیشنل میڈیا تاریخی استقبال کی گواہی دے گا، نواز شریف تین بار وزیراعظم بنے، تینوں بار انہیں نکال دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: عمران خان کے وکیل اور لیگی رہنما میں ٹی وی پر لڑائی کےسوشل میڈیا پر چرچے
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا ہم نے جنرل (ر) باجوہ، جنرل (ر) فیض کی بات نہیں کی، نوازشریف 21 اکتوبر کی شام کو اپنا ایجنڈا دیں گے، ہم نے اسٹیبلشمنٹ سے کیا ڈیل کرنی ہے، لیکن ہم نے کسی سے لڑائی بھی نہیں کرنی، ہم الیکشن میں فری اینڈ فیئر ماحول چاہتے ہیں، طاقت کا سرچشمہ عوام ہے، اگرعوام ساتھ نہ ہو تو پھرادھر، ادھر بھاگیں گے، ہمیں ادھر، ادھر بھاگنے کی ضرورت نہیں۔
محمد زبیر نے کہا شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل تاحال ن لیگ کا حصہ ہیں، سندھ میں مسلم لیگ ن کا کوئی لڑائی جھگڑا نہیں، گزشتہ 16 ماہ کی حکومت میں پیپلز پارٹی ہماری اتحادی تھی، سندھ میں پیپلز پارٹی فیل ہوئی اب ہم بھرپور مقابلہ کرینگے، چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت کو ہم نے آئینی طریقے سے گرایا، عدم اعتماد کیلئے ہم نے پیپلز پارٹی کے ساتھ تعاون کیا تھا۔