(طیب سیف)وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے مالی فراڈ میں ملوث گینگ کے 4 غیرملکیوں سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سائبر کرائم کے مطابق گرفتار ملزمان میں 4 کا تعلق نائیجریا سے ہے جبکہ گرفتار ملزمان کی شناخت ایڈی ازوبکے، ڈوناٹس چیبیکئو، جیوفرے اموبی، اونیوبسی انتھونی اور محمد تسلیم کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کو شمس کالونی اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان فیس بک کے ذریعے تحائف کا جھانسہ دے کر عام شہریوں سے پیسے ہتھیاتے تھے، ملزمان خود کو مختلف بیرون ممالک کے خاتون شہری ظاہر کرتے ہوئے اپنے جال میں پھنساتے تھے۔
ترجمان سائبر کرائم سرکل اسلام آباد کے مطابق ملزمان تحائف کا لالچ دے کر رابطہ کرتے اور کسٹم، ڈلیوری چارجز کے نام پر پیسے بٹورتے تھے، ملزمان نے شکایت کنندہ سے 13 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے، ملزمان نے مذکورہ رقم مختلف بینک اکاؤنٹس میں منگوائی، ملزمان تحائف کی وصولی کے لیے مزید رقم کا تقاضہ بھی کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:صوابی، زمین کے تنازع پر فائرنگ سےدوبھائی جاںبحق ،خاتون سمیت 2 افراد زخمی
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے 4 موبائل فونز برآمد کرلیے گئے جبکہ ان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔