(24 نیوز)وزارت منصوبہ بندی نے کہاہے کہ چین کی طرف سے پاک چین اقتصادی راہداری میں نئے منصوبوں کو شامل نہ کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین سی پیک کے دائرہ کو مختلف شعبوں میں وسعت دینے کیلئے پر عزم ہیں،سی پیک کے تحت منصوبوں کی بدولت پاکستان کے انفراسٹرکچر، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں بہتری آئی،سی پیک کی وجہ سے مختلف شعبوں میں جدت آئی اور ان شعبوں کی استعداد کار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سی پیک کی بدولت پاکستان کی اقتصادی حالت میں بہتری آئی اور دنیا کے سامنے پاکستان کو سرمایہ کاری کےلئے بہترین منزل کے طور شناخت ملی،وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان سی پیک تعاون کو آبی وسائل، ماحولیاتی تبدیلی، زراعت اور سیاحت کے شعبوں تک توسیع دینے پر کام کر رہے ہیں، یہ شعبے پہلے ہی سے سی پیک کے طویل المدتی منصوبے کا حصہ تھے، گیارہویں جے سی سی میں ان منصوبوں کو حتمی شکل دینے کیلئے متعلقہ ورکنگ گروپ میں لا کر حتمی شکل دینے پر اتفاق ہوا تھا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ساحلی علاقوں میں سی پیک کے مختلف منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اور ساحلی علاقوں میں سی پیک کے تحت نئے منصوبوں کی شمولیت پر بھی کام کیا جا رہا ہے،پاکستان اور چین انفراسٹرکچر، اقتصادی ترقی، زراعت، قدرتی وسائل، برآمدات میں اضافے کےلئے صنعتوں کے فروغ کےلئے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کیلئے اہم خبر، ایف بی آر کا بڑا اعلان