سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلہ برائے سیشن 24 -2023ء  کی پالیسی جاری

Sep 28, 2023 | 22:49:PM

(زاہد چوہدری)پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلہ برائے سیشن 24 -2023ء  کی پالیسی جاری کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق  پنجاب کے سرکاری کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے داخلے بھی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کرے گی،،پنجاب نگران کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق داخلے میں ایم ڈی کیٹ کے نمبروں کا حصہ 50 فیصد، ایف ایس سی 40 فیصد اور میٹرک کا 10 فیصد ہوگا،میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ میں 55 فیصد اور ڈینٹل کالجوں کے لیے 50 فیصد نمبر لینا لازمی قرار دے دیا۔

گزشتہ سال کے ایم ڈی کیٹ کے نتائج 2023ء میں داخلے کے لیے قابل قبول نہ ہوں گے،داخلے کے لیے ایف ایس سی یا مساوی امتحان میں کم سے کم 60 فیصد نمبر لینا لازمی ہوگا،اوورسیز پاکستانیوں اور فارن سیٹوں پر داخلے کے لیے ایف ایس سی یا مساوی تعلیم غیر ملک سے ہونا لازمی قرار ہوگا۔

اس کے علاوہ پبلک اور پرائیویٹ دونوں کے لیے امیدوار یو ایچ ایس کے آن لائن داخلہ پورٹل پر درخواست دیں گے،امیدوار درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ تک اپنے آن لائن ایڈمیشن فارم میں رد و بدل کر سکیں گے،امیدوار درخواست فارم میں تمام کالجوں کی چوائس دے سکیں گے،داخلہ فارم کی پروسیسنگ فیس 2000 روپے رکھی گئی ہے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ  میڈیکل یا ڈینٹل کی سلیکشن لسٹ میں نام آ جانے پر امیدوار کو3  دن کے اندر کالج فیس جمع کرانا ہوگی،سرکاری میڈیکل کالجوں کے داخلے 31 دسمبر اور پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے داخلے 31 جنوری تک مکمل کیے جائیں گے،سرکاری ڈینٹل کالجوں کے داخلے 15 فروری اور پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں کے داخلے 28 فروری تک مکمل کیے جائیں گے،میڈیکل کالجوں میں کلاسز یکم فروری اور ڈینٹل کالج میں کلاسز یکم مارچ سے شروع ہوں گی،سرکاری اور پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں اپ گریڈیشن کا طریقہ کار ایک جیسا ہوگا جبکہ داخلے  پنجاب کے ڈومیسائل کی بنیاد پر ہوں گے۔

وائس چانسلر یو ایچ ایس کی سربراہی میں صوبائی داخلہ کمیٹی داخلوں کی نگرانی کرے گی ، پنجاب کی تمام میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کا نمائندہ کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

مزیدخبریں