لاہور سمیت مختلف شہروں میں صبح سویرے بارش ، موسم خوشگوار

Sep 28, 2024 | 09:18:AM

(24 نیوز)محکمہ موسمیات نے پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور اور گردونواح میں صبح سویرے بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

لاہور کے علاوہ راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش ہوئی، سانگلہ ہل شہر اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کے باعث بجلی غائب ہوگئی جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

قصہو، ننکانہ صاحب، جھنگ، صفدر آباد اور اس کے مضافات میں بھی بادل خوب برسنے سے موسم بدل گیا، گرمی سے ستائے لوگوں کے چہرے کھل اٹھے۔

بارش کی وجہ سے اسلام آباد میں گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اورژالہ باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے علاقے مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، تلہ گنگ، گوجرانوالہ، لاہور، قصور، فیصل آباد، اوکاڑہ، نارووال، شیخوپورہ، سرگودھا، میانوالی اور خوشاب میں بارش ہونے کی توقع ہے۔

اس کےعلاوہ سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، بھکر، لیہ، جھنگ، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: پی ٹی آئی کا احتجاج، میٹرو بس سروس معطل، اسلام آباد میں بحال رہے گی

خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقے چترال، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، بونیر، مالاکنڈ، دیر، سوات، باجوڑ، مہمند، خیبر کوہستان، اورکزئی اورکرم میں بارش ہونے کی توقع ہے اور کرک، بنوں، لکی مروت، وزیرستان، کوہاٹ، ہنگو، اور ڈیرہ اسماعیل خان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں چند مقامات پرگرج چمک اور بارش کی توقع ہے، آزاد کشمیرمیں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔

مزیدخبریں