مہیش بھٹ نے میرے گانے کی دھن کاپی کرنے پر معافی مانگی تھی، وارث بیگ
عامر خان اور کاجول کی فلم "فنا" کاگانا"چندا چمکے"بھی میرے ایک پنجابی گانے کی دھن کی کاپی ہے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف پلے بیک گلوکار وارث بیگ نے کہا ہے کہ ان کے مقبول گانے" کل شب دیکھا چاند جھروکے میں"کی دھن کاپی کرنے پربالی ووڈڈائریکٹرمہیش بھٹ نے ان سے پاکستانی ٹی وی چینل پر آکر معافی مانگی تھی۔
وارث بیگ حال ہی میں نجی ٹی وی کے شو میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
وارث بیگ نے بتایا کہ وہ فلموں میں پلے بیک گلوکاری سے قبل ہی آڈیو البمز کی وجہ سے مشہور ہو چکے تھے جبکہ فلموں میں آنے کے بعد استاد نصرت فتح علی خان نے بھی ان سے متعددپنجابی اور اردو گانے گوائے لیکن ان گانوں کی دھن ایسی تھی جیسے کوئی قوالی گا رہا ہو۔
وارث بیگ نے کہاکہ نصرت فتح علی خان نے ان سے بھارتی فلموں کے لیے بھی گانے گوائے اورانہیں ان کے ساتھ کام کرنے پر فخر ہے۔
پروگرام کے دوران واث بیگ نے ایک انکشاف بھی کیا کہ 1990 اور 2000 کی دہائی میں متعدد بالی ووڈ کی فلموں میں ان کے پنجابی اور اردو گانوں کی دھنیں کاپی کرکے گانے بنائے گئے،مہیش بھٹ کی ڈائریکشن میں بننے والی فلم" گینگسٹر" کا گانا"لمحہ لمحہ دوری" ان کے مقبول گانے"کل شب دیکھا چاند جھروکے میں" کی دھن کی کاپی ہے۔
معروف گلوکارنے بتایاکہ میں نے گانے کی کاپی بنانے پر کوئی کارروائی نہیں کی تھی لیکن کچھ عرصے بعد مہیش بھٹ نے پاکستان کے معروف ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بات چیت کے دوران ان سے معافی مانگی تھی، مہیش بھٹ نے بتایا تھاکہ انہیں مذکورہ گانے کی دھن ایک پاکستانی فنکار نے دی تھی اورانہیں علم نہیں تھا کہ وہ گانا وارث بیگ کا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خلیل الرحمان قمرہنی ٹریپ کیس,شریک ملزم کی درخواست ضمانت پرسماعت ملتوی
وارث بیگ نے کہاکہ مہیش بھٹ کی جانب سے معافی مانگے جانے پرانہیں خوشی ہوئی اور انہوں نے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی،عامر خان اور کاجول کی فلم "فنا" کا مقبول گانا"چندا چمکے"بھی ان کے ایک پنجابی گانے کی دھن کی کاپی ہے تاہم انہوں نے "فنا" میں اپنے گانے کی دھن کی کاپی بنانے پر بھی یش راج فلمز کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی،اس کے علاوہ ان کے دیگر کئی گانوں پر بھی بھارتی فلموں میں کاپیاں بنائی گئیں۔