"دنیاپور"سیریز" گیم آف تھرونز"اور"مرزاپور" کی کاپی نہیں،رمشاخان،خوشحال خان

یہ پاکستانی تاریخ کا مہنگا ترین ڈراماہے جس میں جدیدترین ٹیکنالوجی استعمال کی گئی

Sep 28, 2024 | 12:20:PM

(ویب ڈیسک)ایکشن تھرلرڈراما"دنیا پور"حال ہی میں نجی ٹی وی سے آن ایئرہواہے جس کے  مرکزی اداکاروں  رمشا خان اور خوشحال خان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ پاکستانی تاریخ کا مہنگا ترین ڈراما ہے۔

اداکارہ رمشاخان اورخوشحال خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں ڈرامے سے متعلق گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ ڈرامے کی کہانی افسانوی ہے جس کاحقیقت سے کوئی تعلق نہیں،اس کے تمام کرداربھی افسانوی ہیں۔

رمشاخان نے کہاکہ "دنیا پور" کی شوٹنگ پنجاب،خیبر پختونخوا سمیت گلگت اور آزاد کشمیر کے علاقوں میں بھی کی گئی،جہاں پوری کاسٹ اور دیگر افراد ساتھ جاتے تھے،ڈرامے کی کہانی ایک طرح سے بدلے اورخاندانی و قبائلی تصادم کے ارد گرد گھومتی ہے،وہ اپنے بھائیوں کے قتل کا بدلہ لیتی دکھائی دیتی ہیں۔

خوشحال خان نے بتایا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران فلموں کی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی، کیمرے سے لے کر ایکشن ڈائریکٹرز اور کاسٹیوم ڈیزائنرز سب الگ الگ تھے،خوشحال خان کاکہناہے کہ وہ بھی ایک طرح سے اپنے خاندان کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے ہیں اوروہ جہاں اچھے کام کرتے دکھائی دیں گے تو وہیں غلط روپ میں بھی نظر آئیں گے۔

رمشا خان نے دعویٰ کیا کہ "دنیا پور"شہرہ آفاق ہالی وڈ سیریز" گیم آف تھرونز" کی کاپی نہیں اور نہ ہی کسی دوسری فلم کو دیکھ کر ڈراما بنایا گیاہے، البتہ ممکن ہے لوگوں کے بعض مناظر دوسری سیریز اور فلموں جیسے نظر آئیں،اسی طرح خوشحال کا کہناہے کہ ڈرامے کا نام دنیا پور ہے تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ بھارتی سیریز "مرزاپور" کی کاپی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:زینب شبیرسے منگنی پراداکاراسامہ خان نے خاموشی توڑدی

واضح رہے کہ"دنیا پور" کی کہانی دنیا پور نامی ایک افسانوی علاقے اور اس پر بادشاہت کے لیے جنگ لڑنے والے خاندانوں کے گرد گھومتی ہے،اس ڈرامے کی ہدایات شاہد شفاعت نے دی ہیں جس میں رمشاخان،نعمان اعجاز، منظرصہبائی،خوشحال خان اوردیگرنے اہم کردارادا کیے ہیں۔

 

مزیدخبریں