مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد کا معاملہ، لاہور ہائیکورٹ کا تحریری حکم نامہ جاری

Sep 28, 2024 | 12:29:PM

(24نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد سے متعلق گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جس میں چیف الیکشن کمشنر کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کروانے کا حکم دیدیا۔

 لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے ایک صفحے پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا،تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ آئندہ سماعت پر چیف الیکشن کمشنر جواب جمع کروائیں جب کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو جواب جمع کروانے کا آخری موقع فراہم کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد کروانے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست منیر احمد کی جانب سے دائر کی گئی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے 8 رکنی بینچ کا وضاحتی اور تفصیلی فیصلہ آچکا ہے تاہم مخصوص نشستیں پاکستان تحریک انصاف کو تاحال نہیں ملیں۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ لاہور ہائی کورٹ پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دینے کا حکم دے، عدالت مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد کروانے کا حکم دے۔

لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 4 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مفروضوں پر مبنی قرار دیتےہوئے 14 ستمبر کی وضاحت کو چیلنج کر دیا اور فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کردی۔
 

 
 

مزیدخبریں