بلوچستان پھر لہو لہو،پنجگور میں سات پنجابی مزدورقتل،وزیراعظم ،وزیرداخلہ کا اظہار مذمت

اطلاع ملتے ہی مزدوروں کےگھروں میں کہرام مچ گیا،مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،محسن نقوی

Sep 28, 2024 | 23:16:PM
بلوچستان پھر لہو لہو،پنجگور میں سات پنجابی مزدورقتل،وزیراعظم ،وزیرداخلہ کا اظہار مذمت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عیسیٰ ترین) بلوچستان پھر لہو لہو،پنجگور میں سات پنجابی مزدورقتل،شجاع آباد کے ایک ہی خاندان کے سات افراد مزدور ی کیلئے بلوچستان گئے تھے۔اطلاع ملتے ہی مزدوروں کےگھروں میں کہرام مچ گیا۔وزیراعظم اوروفاقی وزیرداخلہ کاواقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار، لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت بھی کی ،محسن نقوی نےکہامزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پنجگور کے علاقے خدابان میں پیش آیا،تمام مزدور ایک مکان میں ٹھہرے ہوئے تھے  کہ مسلح افراد نے گھر میں گھس کر کے اندھا دھند فائرنگ کر دی،جس کے نتیجے میں7مزدور جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔مقتولین کا تعلق ملتان کے تحصیل شجاع آباد سے ہے،مقتولین میں ساجد ولد اللہ بخش ،فیض ولد اللہ دتہ،خالد ولد فدا حسین،شفیق ولد فیض بخش،افتخار ولد اقبال،سلمان  ولد فیض، بلال ولد شوکت ہیں جبکہ زخمی مزدور کا نام رمضان ولد اللہ یار ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں،لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ،پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے  پنجگور کے علاقے میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے  ،انہوں نے مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار   کرتے ہوئے کہاکہ بے گناہ مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ وزیر داخلہ کا مزید کہناتھا کہ غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی مزدور کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔

ادگروزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پنجگور میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کا قتل قابل مذمت ہے ، آج پھر دھرتی پر بے گناہوں کا لہو گرا ،سرفراز بگٹی نے کہاکہ دہشت گردوں بزدل اور انسانیت سے بے بہرہ ہیں ، دہشت گرد بے گناہوں کے قتل کا حساب دنیا و آخرت دونوں میں دیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ صوبے میں ایک بار پھر دہشت گردوں نے غریب پاکستانی مزدوروں پر وار کیا ، دہشت گرد کب تک بلوں میں چھپیں گے ، چن چن کر بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیں گے۔