پنجگور،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 7مزدور جاں بحق،وزیر داخلہ کی مذمت

Sep 28, 2024 | 23:16:PM

(عیسیٰ ترین)کوئٹہ میں پنجگور کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 7مزدور جاں بحق ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ پنجگور کے علاقے خدابان میں پیش آیا،تمام مزدور ایک مکان میں ٹھہرے ہوئے تھے ،مسلح افراد نے گھر میں گھس کر کے اندھا دھند فائرنگ کر دی،جس کے نتیجے میں7مزدور جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں،لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ،پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے  پنجگور کے علاقے میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے  ،انہوں نے مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار   کرتے ہوئے کہاکہ بے گناہ مزدوروں پر فائرنگ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،تمام تر ہمدردیاں جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ وزیر داخلہ کا مزید کہناتھا کہ غم کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیرداخلہ محسن نقوی نے زخمی مزدور کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی۔

ادگروزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پنجگور میں مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کا قتل قابل مذمت ہے ، آج پھر دھرتی پر بے گناہوں کا لہو گرا ،سرفراز بگٹی نے کہاکہ دہشت گردوں بزدل اور انسانیت سے بے بہرہ ہیں ، دہشت گرد بے گناہوں کے قتل کا حساب دنیا و آخرت دونوں میں دیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ صوبے میں ایک بار پھر دہشت گردوں نے غریب پاکستانی مزدوروں پر وار کیا ، دہشت گرد کب تک بلوں میں چھپیں گے ، چن چن کر بے گناہ پاکستانیوں کے قتل کا حساب لیں گے۔

مزیدخبریں