(24نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کرلئے گئے۔ پنجاب حکومت عید سے قبل 20فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن لگائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی موجودہ وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں اٹھارہ نکاتی ایجنڈے پر بھی غور کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مکمل لاک ڈاؤن لگانے کے حوالے سے کابینہ اراکین سے مشاورت کی، کابینہ اجلاس میں لاہور میں مکمل لاک ڈاؤن اور 20 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا ۔
پنجاب کے جن شہروں میں مکمل لاک ڈاؤن لگ رہا ہے ان میں اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور بہاولپور سرفہرست ہیں۔تاہم مکمل لاک ڈاؤن کی اجازت سی این سی سے لی جائے گی۔
روزے29ہوں گے یا 30 ؟ محکمہ موسمیات کی بڑی پیشگوئی
واضح رہے کورنا وائرس کے حملوں میں شدت آگئی ، لاہور میں مہلک وائرس نے مزید 34 لاہوریوں کی زندگی کے چراغ گل کر دیئے، 1331نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی، مثبت کیسز کی شرح 24 فیصد تک پہنچ گئی۔ ایک ہفتے کے دوران 10برس سے کم عمر کے 173 بچے بھی وائرس سے متاثرہوئے۔
سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 1261 مریض داخل ہیں، جن میں کورونا کے 812 کنفرم اور 438 مشتبہ مریض شامل ہیں۔ کورونا میں مبتلا 273 مریضوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں وینٹی لیٹر پر زیر علاج رکھا گیا۔ سرکاری ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ بڑھنے لگا، 90فیصد وینٹی لیٹر بھرگئے،سروسزہسپتال، کوٹ خواجہ سعید اور نواز شریف ٹیچنگ ہسپتال میں گنجائش ختم ہوگئی۔