وزیراعظم کے اہم فیصلے۔۔ وفاقی کابینہ میں تین نئے کھلاڑیوں کی انٹری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کی اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے مزید 3 اہم رہنماؤں کو خصوصی ٹاسک سونپ دئیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد وفاقی کابینہ میں تین نئی تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر ہوگئے ہیں۔ فرخ حبیب کے حلف اٹھانے کا بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
دوسری جانب عثمان ڈار دوبارہ وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز کا عہدہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ کابینہ ڈویژن نے عثمان ڈار کی تقرری کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
تیسری اہم ذمہ داری وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر وقار مسعود کو سونپی ہے۔ڈاکٹر وقار مسعود وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ و ریونیو کی حیثیت سے اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر وقار مسعود اس سے قبل وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو تھے۔ کابینہ ڈویژن نے ان کی تقرری کا بھی نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔