بھارت میں کورونا سے ایک دن میں ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ ،امریکا نے اپنے شہریوں کو بڑا حکم دیدیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 6 سو 45 مریض انتقال کر گئے، یہ اس وبا کی وجہ سے ایک دن میں ہلاکتوں کا نیا ریکارڈ ہے۔
جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق بھارت کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق نئی ہلاکتوں کے بعد ملک میں کووڈ 19 کے باعث مرنے والوں کی کل تعداد اب 2 لاکھ 4 ہزار 8 سو 32 ہو گئی ہے۔
اسی دوران کورونا انفیکشن کے تقریباً 3 لاکھ 80 ہزار نئے کیس بھی رجسٹر کئے گئے۔ یہ بھی ایک دن میں انفیکشنز کی نئی ریکارڈ تعداد ہے۔ بھارت میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد اب تقریباً 18.04 ملین ہو گئی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکا نے اپنے شہریوں کو جلد از جلد بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 80 فیصد بین الاقوامی پروازیں کم کرنےکی تجویز ۔۔کل اہم اجلاس
امریکہ نے بھارت میں کورونا انفیکشن کے تیزی سے پھیلاؤ کے بارے میں ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انڈیا میں کورونا بحران اس قدر سنگین ہو گیا ہے کہ طبی سہولیات ناکافی ثابت ہو رہی ہیں۔اس ضمن میں امریکہ نے لیول 4 ٹریول ہیلتھ نوٹس جاری کیا ہے۔ یہ انتباہ ایک ایسے موقع پر جاری کیا گیا ہے جب امریکی صدر جو بائیڈن نے انڈیا کو کئی سطحوں پر کورونا بحران سے نمٹنے میں مدد کرنے کا اعلان کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے ہیلتھ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’انڈیا میں کورونا کیسز اور اموات کے یومیہ ریکارڈ روزانہ کی بنیاد پر ٹوٹ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ کووڈ۔19 ٹیسٹ کی سہولیات بھی محدود ہیں اور طبی سامان کی فراہمی کے حوالے سے ہسپتالوں میں خوفناک صورتحال ہے۔ اس کے علاوہ ہسپتالوں میں نئے مریضوں کے لیے کوئی بستر نہیں بچا ہے۔امریکی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کووڈ کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے طبی سہولیات منہدم ہو گئی ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ امریکی شہریوں کو انڈیا سے آنے والی پروازوں سے براہ راست آنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کے 2 جہاز چین سے لاکھوں کورونا ویکسین لیکر پاکستان پہنچ گئے