سعودی عرب میں حکومتی وفد کیخلاف نعرے بازی پر 150 سے زائد افراد گرفتار

Apr 29, 2022 | 01:35:AM

(24 نیوز)سعودی عرب میں حکومتی وفد کیخلاف نعرے بازی پر 150 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف وفدکے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں، حکومتی وفد کی مسجد نبوی آمد پر وہاں پر موجود لوگوں نے انہیں گھیر لیا اور نعرے بازی کی جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے وزرا کو مجمعے سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
مدینہ منورہ میں پیش آنے والے واقعے پر سعودی حکومت کی جانب سے فوری ایکشن لیا گیا۔ اب بتایا جارہا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں نے 150 سے زائد افراد کو نازیبا کلمات اورنعرے بازی پر حراست میں لے لیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ سرکاری دورے پر مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں۔گورنر مدینہ فیصل بن سلمان آل سعود نے اعلیٰ سعودی حکام کے ہمراہ وزیر اعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزرا بلاول بھٹو زرداری، شاہ زین بگٹی، چوہدری سالک حسین،خواجہ آصف، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف اور ایم این اے محسن داوڑ شامل ہیں، وفد میں وزیراعظم شہباز شریف کے پرسنل سٹاف کے 4 لوگ بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز وائرل ہورہی ہیں جن میں وزیراعظم شہبازشریف، وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر شاہ زین بگٹی کو دیکھا جاسکتا ہے۔ لوگوں کی جانب سے نعرے بازی کی جارہی ہے،حکومتی وفد کے ہمراہ سکیورٹی اہلکار بھی موجود ہیں جو وزرا کو عوامی جم غفیر سے بچاکر لے جاتے ہیں۔
یاد رہے کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان قمر نے ماہرہ خان سے ناراضگی کی وجہ بتا دی

مزیدخبریں