ہوٹل میں ہاتھا پائی!قاسم سوری نے اندراج مقدمہ کی درخواست دیدی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) قاسم سوری کا کہنا ہے کہ سحری کیلئے بیٹھے تھے کہ حملہ آور ہوٹل میں گھس آئے ، جس پر انداراج مقدمہ کی درخواست دیدی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما قاسم سوری نے جمہوری وطن پارٹی کے کارکنوں سے ہاتھا پائی کے معاملے پر اندراج مقدمہ کی درخواست دے دی۔
قاسم سوری نے تھانہ کوہسارمیں اندراج مقدمہ کی درخواست دی ہے جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سحری کے لیے کوہسار مارکیٹ گئے تھے، میرے ساتھ ٹیبل پر عدیل مرزا اور خالد بھٹی بیٹھے ہوئے تھے جبکہ دوسرے ٹیبل پر ڈاکٹرعارف اور خواتین بیٹھی تھیں،کچھ لوگ جتھے کی صورت میں وہاں آگئے اور پی ٹی آئی کے خلاف نعرے لگائے۔
درخواست میں قاسم سوری کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ وہ لوگ (حملہ آور ) جان سے مارنےکی نیت سے ڈنڈوں سے حملہ آور ہو گئے، وہ للکارے رہےکہ وہاں سےکوئی زندہ بچ کر نہیں جائےگا، اس پر وہاں موجودلوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ حملے کے دوران ڈاکٹرعارف کی دائیں آنکھ، خالدبھٹی کی آنکھ اور ران پر زخم آئے۔قاسم سوری کے مطابق وہاں موجودلوگوں نے بیچ بچاؤ کراکر ہماری جان بخشی کرائی، بعد ازاں حملہ آور 2 گاڑیوں میں فرار ہو گئے۔
درخواست میں قاسم سوری کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ سخت زیادتی ہوئی ہے، قانونی چارہ جوئی کر کے انصاف دلایا جائے۔
یاد رہے کہ آج صبح سحری میں اسلام آبادکی کوہسار مارکیٹ میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما اور جمہوری وطن پارٹی کارکنوں میں ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالفطر کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا