(24 نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی حلف نہ لینے کیخلاف دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا، جسٹس جواد حسن نے محفوظ فیصلہ سنایا، جسٹس جواد حسن نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔
عدالت نے حمزہ شہباز کی حلف نہ لینے کیخلاف درخواست منظور کرلی ،عدالت نے حمزہ شہباز سے حلف کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کو نمائندہ مقرر کر دیا،سپیکر کل ساڑھے 11 بجے لاہور میں حمزہ شہباز سے حلف لیں ۔
عدالت نے تحریری فیصلہ بذریعہ فیکس وفاقی وزارت قانون کو بھجوانے کاحکم دیدیا، عدالت نے کہاکہ بنیادی حقوق کا تحفظ عدالت کی ذمہ داری ہے ،فیصلے میں مزید کہاگیا ہے کہ وفاقی حکومت حلف برداری کیلئے بندوبست کریں ۔
قبل ازیں نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف نہ لیے جانے کی لاہور ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت کے دوران جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیے کہ یہ عدالت کی عزت کا سوال ہے، کسی کی جرا¿ت نہیں ہونی چاہیے کہ ہائیکورٹ کے حکم کو نہ مانے۔
نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کی جس میں وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا ہے جب کہ درخواست میں مو¿قف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ حلف سے متعلق احکامات جاری کر چکی ہے لیکن عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب نے ایک بار پھر عدالتی حکم ماننے سے انکار کر دیا ہے لہٰذا لاہور ہائیکورٹ حلف لینے کے لیے نمائندہ مقرر کرے۔ صدر اور گورنر پنجاب کو حلف کے لیے ہدایات جاری کی گئیں لیکن حلف نہیں لیا گیا، ہائیکورٹ نے 26 اپریل کے فیصلے میں گورنر کو آئین کے تحت عمل کرنے کی واضح ہدایات دی تھیں لیکن گورنر پنجاب نے ایک بار پھر ہائیکورٹ کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا جب کہ صدر مملکت نے بھی فاضل عدالت عالیہ کی آبزرویشن کا احترام نہیں کیا، صدر مملکت اور گورنر پنجاب کا رویہ غدارانہ اور توہین آمیز ہے ، دونوں کا رویہ غداری کی کارروائی کا متقاضی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں درخواست پر سماعت کا آغاز ہوا تو جسٹس جواد حسن نے حمزہ کے وکیل اشتر اوصاف سے مکالمہ کیا کہ آپ توہین عدالت کا کیس کیوں نہیں کرتے، اس پر انہوں نے کہا کہ وہ ہم کرسکتے ہیں، میرے موکل نے ابھی صرف حلف برداری کا معاملہ عدالت کے سامنے رکھنے کا کہا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ حلف لینے کے لیے وقت اور جگہ کا بھی تعین کرے، حلف نہ لینے والوں کے اقدامات خلاف آئین قرار دیے جائیں، صوبے کو آئینی طریقے سے چلانے کے لیے حلف لینے کا حکم دیا جائے۔ جسٹس جواد حسن نے کہاکہ چیف جسٹس کا کیا حکم تھا، میں نے تو قانون کے مطابق کام کرنا ہوتا ہے، عدالت کے فیصلے نہیں مانے جا رہے، یہ عدالت کی عزت کا سوال ہے۔ مجھے آئین میں راستہ نظر آئے تو میں چل پڑتا ہوں، کسی کی جرات نہیں ہونی چاہیے کہ ہائیکورٹ کے حکم کو نہ مانے۔ حمزہ شہباز کے وکیل اشتر اوصاف نے اپنے دلائل میں کہا کہ حلف نہ لے کر آئین کی خلاف ورزی کی جارہی ہے،کورٹ نے سابق وزیراعظم کو توہین عدالت میں 2 منٹ کی سزا دی تھی، توہین عدالت کی سزا کے بعد وزیراعظم کو اپنی نوکری سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔دورانِ سماعت عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سوال کیا کہ حکومت کیا کہتی ہے، حکومت کے ذہن میں کیا ہے؟
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزیراعظم 3 بار کہہ چکے ہیں کہ حلف کیلئے کسی فرد کو نامزد کریں۔ جسٹس جواد نے کہا کہ عدالت کو صرف 30 منٹ سے زیادہ نہیں چاہئیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی حلف نہ لینے کیخلاف درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا
Apr 29, 2022 | 20:57:PM