سری لنکن اسپنر نے 71 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

Apr 29, 2023 | 11:32:AM
سری لنکن اسپنر نے 71 سالہ ریکارڈ توڑ دیا
کیپشن: جے سوریا نے یہ تاریخی کارنامہ گال میں کھیلے جارہے آئرلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں انجام دیا۔
سورس: ٹوئٹر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) سری لنکن اسپنر پربھات جے سوریا نے ٹیسٹ کرکٹ کا اکہتر سالہ ریکارڈ پاش پاش کردیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دائیں ہاتھ سے بولنگ کرنے والے سری لنکن اسپنر نے صرف سات ٹیسٹ میچز کھیل کر 50 وکٹیں اپنے نام کی اور ٹیسٹ کرکٹ کا 71 برس پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

انہوں نے یہ تاریخی کارنامہ گال میں کھیلے جارہے آئرلینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں حاصل کیا، پربھات جے سوریا نے دوسری اننگز میں دو وکٹیں لے کر دنیا کے تیز ترین 50 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے کھلاڑی بنے، انہوں نے یہ کارنامہ اپنے ساتویں ٹیسٹ کی تیرہوں اننگز میں انجام دیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے اسپنر الف ویلنٹائن کے نام تھا۔

ویلنٹائن نے یہ ریکارڈ اکتیس دسمبر انیس سو اکاون میں اپنے کیرئیر کے آٹھویں ٹیسٹ میں حاصل کیا تھا۔

اس سے قبل جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر ورنن فلینڈر اور انگلینڈ کے باؤلر ٹام رچرڈسن نے اپنے ساتویں میچ میں 50 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واضح رہے کہ جے سوریا نے اپنے ڈیبیو کے بعد سے تقریباً ہر میچ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وہ جولائی 2022ء میں آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ کی ہر اننگز میں چھ وکٹیں لینے والے دنیا کے چوتھے بولر بھی ہیں۔

جے سوریا اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں ایک اننگز میں چھ بار 5 وکٹیں جبکہ دوبار میچ میں دس وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں، 31 سالہ جے سوریا صرف چھ ٹیسٹ کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں انیسویں نمبر پر ہیں۔

یاد رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 50 وکٹیں لینے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر چارلی ٹرنر کے پاس ہے، انہوں نے سنہ 1888ء میں انگلینڈ کے خلاف اپنے چھٹے ٹیسٹ میچ میں 50 ٹیسٹ وکٹیں لینے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔